سعودی عرب میں رمضان کیلئے عمرہ ضوابط

   

ریاض: وزارت حج عمرہ نے خلیجی ممالک کے شہریوں کے لیے عمرہ پروگرام کی شرائط جاری کردی۔ خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک کے ایسے شہریوں کو عمرہ پرمٹ جاری کیاجاسکے گا جو ’محفوظ‘ کی شرط پرپورا اترتے ہوں۔دوسری جانب نائب وزیر حج وعمرہ ڈاکٹر عبدالفتاح مشاط نے کہا ہے کہ مقررہ ضوابط کے تحت اندرون اوربیرون ملک سے آنے والے عمرہ زائرین کے لیے ’توکلنا اور اعتمرنا‘ ایپ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ویب نیوز ’سبق‘ نے وزارت حج وعمرہ کی جانب سے خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک کے لیے عمرہ ویزہ پر آنے والوں کیلیے عمرہ پرمٹ جاری کرنے کے نکات کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ خلیجی ممالک سے آنے والوں کیلیے لازمی ہے کہ انہوں نے کورونا سے بچاو کیلیے سعودی عرب کی جانب سے منظور شدہ ویکسین کا کورس مکمل کیاہو۔وزارت حج وعمرہ کی جانب سے مکہ مکرمہ آنے کے بعد خلیجی ممالک کے شہریوں کو عمرہ پرمٹ جاری کرنے کے حوالے سے جو نکات مقرر کیے ہیں انکی پابندی کرنا لازمی ہوگا۔خلیجی ممالک کے شہریوں کیلیے لازمی ہوگا کہ وہ مکہ مکرمہ میں قائم نگہداشت کے مرکز میں عمرہ کی ادائیگی سے کم از کم 6 گھنٹے قبل رجوع کریں جہاں ان کی میڈیکل ہسٹری دیکھنے کے بعد ’محفوظ‘ کیٹگری کی تصدیق کی جائے گی۔محفوظ کیٹگری کی تحقیق ہونے کے بعد عمرہ زائر کو مخصوص ’ڈیجیٹل کڑا ‘ دیا جائے گا جس میں اس کے بارے میں مکمل کمپیوٹرائز معلومات موجود ہونگی۔ دریں اثنا وزیر حج وعمرہ ڈاکٹر عبدالفتاح مشاط کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک میں عمرہ زائرین کے استقبال کے لیے کورونا وائرس کے حوالے سے متعلقہ اداروں کی جانب سے مقررہ ضوابط کے تحت احتیاطی تدابیر کو اختیار کرتے ہوئے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔