سعودی عرب میں سرسلہ سے تعلق رکھنے والے عمران کی حالت دگرگوں

   

وطن واپسی کیلئے رکن اسمبلی سرینواس کا وزارت خارجہ کو مکتوب
حیدرآباد۔/7 اگسٹ، ( سیاست نیوز) گورنمنٹ وہپ اے سرینواس نے وزارت خارجہ اور سعودی عرب میں ہندوستانی سفارتخانہ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے سرسلہ ضلع سے تعلق رکھنے والے عمران کی وطن واپسی کے اقدامات کی اپیل کی۔ سرینواس نے سرسلہ ضلع سے تعلق رکھنے والے عمران کی جانب سے روانہ کردہ ویڈیو پیام کی بنیاد پر مرکزی حکومت سے اپیل کی ہے کہ عمران کی جلد از جلد وطن واپسی کے اقدامات کئے جائیں جو سعودی عرب میں مسائل کا شکار ہے۔ سرسلہ ٹاون سے تعلق رکھنے والے عمران دیڑھ ماہ قبل سعودی عرب روانہ ہوئے تھے جہاں انہیں سوپر مارکٹ میں ملازمت کرنی تھی۔ 15 دن قبل ان کی سرجری ہوئی جس کے بعد صحت میں مسلسل گراوٹ ہورہی ہے۔ بارہا توجہ دہانی کے باوجود آجر کی جانب سے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے اور نہ ہی انہیں وطن واپس بھیجنے کیلئے تیار ہے۔ عمران نے سوشیل میڈیا پر ویڈیو وائرل کرتے ہوئے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے مدد کی اپیل کی اور کہا کہ آجر کی جانب سے اسے ہلاک کرنے کی دھمکی دی جارہی ہے۔ ویملواڑہ کے رکن اسمبلی اور سرسلہ کے کانگریس انچارج مہیندر ریڈی کو بھی عمران نے ویڈیو روانہ کیا۔ رکن اسمبلی نے مکتوب میں کہا کہ عمران کی زندگی کو خطرہ لاحق ہے لہذا ان کی بحفاظت وطن واپسی کے اقدامات کئے جائیں۔ وزیر خارجہ جئے شنکر کو مکتوب کی نقل روانہ کی گئی ہے۔ رکن اسمبلی نے ریاض میں واقع ہندوستانی سفارتخانہ سے ربط قائم کیا ہے۔1