سعودی عرب میں سمر فیسٹیول کی تیاریاں

   

ریاض۔سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب نے کہا ہے کہ مملکت کے 10 مقامات پر سمر فیسٹوکل منعقد کرنے کے حوالے سے تیاریاں کی جارہی ہیں۔وزیر سیاحت نے سعودی سمر فیسٹیول سے متعلق آن لائن تیاری اجلاس کے دوران کہاکہ سعودی عرب پرکشش مقامات ، جاذب نظر شہروں اور قدرتی مناظر کی صورت میں کامیاب سیاحت کی بہت ساری خصوصیات کا مالک ہے۔الخطیب نے کہا کہ سیاحت کے شعبے سے شہریوں کو روزگار کے مواقع بھی میسرآئیں گے جبکہ قومی پیداوار میں اضافہ بھی ہو گا۔انہوں نے مزید کہا سعودی عرب میں 10ہزار تاریخی مقامات ہیں۔ ان میں سے پانچ یونیسکو میں عظیم الشان انسانی تاریخی ورثے کے طور پردرج ہیں۔الخطیب نے کہا کہ خانگی ادارہ ہی سعودی عرب میں سیاحت کو فروغ دے گا جہاں تک سیاحتی پیکیجز کا تعلق ہے تو طلب اور رسد کے اصول پر سیاحتی پروگراموں کے نرخ مقرر ہوں گے۔تسلی کی بات یہ ہے کہ ہمارے یہاں ہوٹلوں اور فرنشڈ اپارٹمنسا کے علاوہ خانگی مکانات بھی سیاحوں کے لیے کرایے پر دستیاب ہیں۔ سعودی محکمہ سیاحت کے سربراہ فہد حمید الدین نے کہاکہ طویل لاک ڈاؤن کی وجہ سے شہری اور سعودی عرب میں مقیم غیرملکی ذہنی تکاین محسوس کرنے لگے ہیں۔اکثر داخلی سیاحت کی خواہش ظاہر کررہے ہیں۔کمپنیاں اس موقع سے فائدہ اٹھاسکتی ہیں اس حوالے سے ان کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔فہد حمید الدین نے کہاکہ داخلی سیاحت کے شائقین ساحلی شہروں، کشتیوں اور قدرتی مناظر سے مالا مال مقامات سے متعلق معلومات جمع کررہے ہیں۔ یہ سب کچھ ہم سیاحتی کمپنیوں کو مفت پیش کررہے ہیں۔امسال سعودی سمر فیسٹیول کا نعرہ تنفس (کھلی ہواؤں میں سانس لیں) ہوگا۔