متحدہ عرب امارات، قطر، کویت اور بحرین میں بھی عیدالفطر کا اعلان
ریاض :سعودی عرب میں شوال کا چاند نظر آگیا اور مملکت میںکل اتوار 30 مارچ کو عید الفطر ہوگی۔سعودی عرب میں شوال کا چاند دیکھنے کیلئے مکہ، مدینہ، تبوک اور دمام سمیت 10سے زائد مقامات پر رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس ہوئے۔سعودی سپریم کورٹ نے بھی عوام سے آج شوال کا چاند دیکھنے کی اپیل کی تھی۔مملکت میں چاند نظر آگیا جس کے بعد عید الفطر کل ہوگی۔ سعودی عرب کی سدیر اور تمیر رصدگاہ میں شوال کا چاند نظر آیا۔ دوسری جانب سعودی شاہی دیوان نے عید الفطر کا اعلان کردیا اور حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ مملکت میں شوال کا چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں۔شاہی دیوان کے مطابق سعودی عرب میں عیدالفطر اتوار 30 مارچ کو منائی جائے گی۔ دوسری طرف متحدہ عرب امارات، قطر، کویت اور بحرین میں بھی کل اتوار کو عیدالفطر کا اعلان کردیا گیا۔ متحدہ عرب امارات میں دبئی، عجمان اور شارجہ میں عید کے 3 روز کیلئے پارکنگ فیس ختم کردی گئی ہے۔ دبئی میں عید الفطر کی نماز صبح ساڑھے 6 بجے تمام مساجد میں ادا کی جائے گی۔خیال رہے کہ عمان، ہندوستان، بنگلہ دیش، انڈونیشیا، ملائیشیا اور برونائی میں آج شوال کا چاند نظر نہیں آیا۔مذکورہ ممالک میں عیدالفطر پیر 31 مارچ کو منائی جائے گی۔ہندوستان میں آج چاند دیکھا جائے گا۔