سعودی عرب میں صحرائی پولو ٹورنمنٹ کی تیاریاں

   

ریاض۔6 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان سمیت دنیا بھر میں پولو بہت ہی مشہور کھیل ہے، دنیا بھر میں اس کے دیوانے بھی پائے جاتے ہیں، پاکستان میں ہر سال چترال میں پولو ٹورنمنٹ کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ شندور میلے میں پولو کے علاوہ گلگت اور چترال کے روایتی کلچرل شو بھی منعقد ہوتے ہیں۔ 12 ہزار فٹ پر واقع شندور میں فری اسٹائل پولو سے لطف اندوز ہونے کے لئے ملکی و غیر ملکی سیاح آتے ہیں تاہم ایک حیران کن خبر سعودی عرب سے آئی ہے ، جہاں صحرائی پولو ٹورنمنٹ کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سعودی پولو آرگنائزیشن نے تاریخ میں پہلی مرتبہ مملکت کے تاریخی مقام طنطورۃ میں صحرائی پولو ٹورنمنٹ کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ آئندہ سال 16 سے 18جنوری تک پولو ٹورنمنٹ جاری رہے گا۔ تاریخی مقام العلا میں طنطورۃ ونٹر فیسٹیول کے تحت ٹورنمنٹ کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس میں دنیا بھر سے پولو کے معروف اور بہترین کھلاڑی شریک ہوں گے۔ ٹورنمنٹ کیلئے العلا کے تاریخی مقام کا ا نتخاب سوچ سمجھ کر کیا گیا ہے۔ جزیرہ عرب میں کئی تمدنوں کے سربستہ رازوں کا امین علاقہ ہے۔ یہاں کا پرکشش قدرتی ماحول پولو ٹورنمنٹ کے حوالے سے دلکش ثابت ہو گا۔العلا پولو صحرائی ٹورنمنٹ کا تصور سوئٹزر لینڈ کے سان مارٹس میں آئس پولو ٹورنمنٹ سے لیا گیا ہے۔ العلا میں تاریخی مقابلہ درخشاں ضیافتی روایات اور تاریخی مقام کی بدولت نیا رنگ اور نئی روح کا باعث بنے گا۔
العلا رائل کمیشن اور سعودی پولو آرگنائزیشن صحرائی پولو کا انتظام کررہے ہیں۔ ’طنطورۃ ونٹر فیسٹیول‘ دسمبر 2019 سے مارچ 2020 تک جاری رہے گا۔