سعودی عرب میں ’’طوفان بگولا‘‘

   

ریاض : ٹویٹر پر ہفتے کے روز ایک وڈیو کلپ گردش میں آیا جس میں سعودی عرب کے صوبے الجوف میں ایک بڑا ‘طوفان بگولا’ (ٹورنیڈو) بنتا ہوا نظر آ رہا ہے۔ یہ طوفان سکاکے ضلع کے مشرق میں واقع علاقے الروسان میں ریکارڈ کیا گیا۔اس وڈیو میں طوفان بگولے کے نادر نوعیت کے مناظر دیکھے جا سکتے ہیں جو اس سے قبل جزیرہ عرب میں نہیں دکھائی دیئے ۔ ویڈیوکلپ سے ظاہر ہو رہا ہے کہ اس بڑے طوفان بگولے نے الروسان میں اپنے گرد غبار کی ایک لہر بنا دی۔ ماہرین کے مطابق یہ طوفان بگولا تباہ کن نوعیت کا تھا۔ادھر القصیم یونیورسٹی کے شعبہ جغرافیا میں ماحولیات کے پروفیسر ڈاکٹر عبداللہ المسند کے مطابق شام الجوف صوبے میں سکاکا کے جنوب مشرق میں جنم لینے والا “طوفان بگولا” حجم کے لحاظ سے بڑے ترین طوفانوں میں شمار ہوتا ہے۔المسند نے واضح کیا کہ طوفان بگولا (ٹورنیڈو) جھکڑوں کے ساتھ ایک ایسا شدید طوفان ہوتا ہے جس کا شمار شدید تری فضائی مظہر میں کیا جاتا ہے۔ یہ گھڑی کی سوئی کے مْخالِف سمت اپنے ہی گرد گْھومتا ہے۔ اس کا قطر 1.5 کلو میٹر سے زیادہ نہیں ہوتا اور یہ 100 میٹر سے بھی کم مسافت تک پہنچ پاتا ہے۔ماحولیات کے سعودی پروفیسر کے مطابق “طوفان بگولا” عام طور سے اْفقی شکل میں 37 سے 75 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے حرکت کرتا ہے۔ البتہ اپنے گرد گْھومنے کی رفتار 200 کلو میٹر فی گھنٹہ سے زیادہ ہوتی ہے جو کبھی کبھی 500 کلو میٹر فی گھنٹہ تک پہنچ جاتی ہے۔ اس دوران طوفان بگولا اونٹ یا گاڑی کو بھی اٹھا کر پھینک سکتا ہے۔