سعودی عرب میں قید 7 پاکستانیوں کی رہائی کا حکم

   

شہباز شریف کا ولیعہد محمد بن سلمان سے اظہار تشکر
ریاض : پاکستانی وزیراعظم محمد شہبازشریف نے مدینہ منورہ میں اپریل 2022 میں مسجد نبویؐ میں ہنگامہ آرائی کے واقعے میں گرفتار پاکستانیوں کی رہائی کا حکم دینے پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ گزشتہ روزایک ٹویٹ میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ وہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے تہہ دل سے شکرگزار ہیں کہ انھوں نے ان کی درخواست پر مدینہ منورہ میں اپریل 2022 کے واقعے پرقید پاکستانیوں کی رہائی کا حکم دیا ہے۔انھوں نے اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں ایک دوسرے کی غلطیوں سے درگزر کرنے والا بہتر مسلمان بنائے۔وزیراعظم نے سعودی ولی عہد سے الریاض میں ملاقات میں ان پاکستانیوں کی رہائی اوران کے معاملے میں درگزر سے کام لینے کی درخواست کی تھی اور کہا کہ اللہ تعالیٰ آپ کو اس کا بہتراجر عطا فرمائے۔ واضح رہے کہ مدینہ منورہ کی عدالت نے مسجد نبویؐ کے تقدس کوپامال کرنے کے مرتکب تین پاکستانیوں کو جرم ثابت ہونے پر8 سال اور تین کو 6 سال قید کی سزا سنائی تھی۔عدالت نے خواجہ لقمان، محمد افضل اور غلام محمد کو 8،8 سال اور انس، ارشد اور محمد سلیم کو 6 سال قید کی سزا سنائی تھی۔ایک اور پاکستانی طاہر ملک کو اسی جرم میں تین سال قید کاحکم دیا گیا تھااوراس پر 10 ہزار ریال جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔