مقامی اور بین الاقوامی ٹیمیں آثار قدیمہ کی تلاش میں مصروف
ریاض۔3ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب میں کے محکمہ سیاحت و قومی آثار کے مطابق ملک میں 44 مقامی اور بین الاقوامی ٹیمیں آثار قدیمہ کی تلاش کیلئے کام کررہی ہیں ۔ سعودی عرب گذشتہ پانچ برسوں کے دوران تاریخی مقامات پر تحقیقات کے حوالے سے دنیا کی ترقی یافتہ ملکوں کی صف میں شامل ہوگیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ سیاحت و قومی وراثت کے ماتحت تحقیقی مطالعات کے ڈائرکٹر جنرل ڈاکٹرعبداللہ اے ایل زہرانی نے کہا کہ سعودی عرب نے مختلف علاقوں میں دریافت ہونے والے نوادرات کی نمائش کا سلسلہ شروع کیا ہے ۔ روم میں منعقد ہونے والی نمائش تین ماہ تک جاری رہے گی ۔ مملکت کے مختلف علاقوں سے 52 نوادرات نمائش کیلئے منتخب کئے گئے ہیں ۔ اس سے قبل یہ نمائش 16 عالمی شہروں میں منعقد کی جاچکی ہے ۔ ڈاکٹر عبداللہ نے مزید بتایا کہ سعودی عرب میں دریافت ہونے والے آثار قدیمہ سے پوری دنیا کو یہ پیغام جارہا ہے کہ سعودی عرب عظیم الشان تہذیب و تمدن کا ملک ہے ۔ یہاں ماضی قدیم میں بڑے بڑے تمدن وجود میں آچکے ہیں ۔ نئی تحقیق سے یہ بات معلوم ہوئی ہے کہ جزیرہ نما عرب کا بیشتر علاقہ سعودی عرب کے پاس ہے ۔ یہ علاقہ انسانوں اور قدرتی حیاتیات سے آباد رہا ہے ۔ یہاں 10لاکھ برس پہلے تک زندگی کے آثار دریافت ہوئے ہیں ۔ سعودی عرب دریاؤں اور سبز زاروں کا علاقہ ہے ۔ ڈاکٹر عبداللہ نے مزید کہا کہ روم میں ہونے والی نمائش میں 326شاہکار پیش کئے جائیں گے ۔ سعودی عرب میں مختلف مقامات پر پتھر کے ستون دریافت ہوئے ہیں ، ان میں سے تین نمائش کیلئے رکھے جائیں گے ۔