سعودی عرب میں لاکھوں محنت کش ملازمتوں کے مارکیٹ سے باہر

   

Ferty9 Clinic

جدہ ۔7ستمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) گذشتہ 3 سال کے دوران 12 لاکھ غیر ملکی سعودی لیبر مارکیٹ سے باہر ہو گئے ہیں جبکہ لیبر مارکیٹ میں ابھی بھی 70 لاکھ غیر ملکی مو جود ہیں۔ اس کے بالمقابل سعودیوں کی تعداد میں اضافہ نہیں ہوا۔المدینہ اخبار میں شائع ہونے والی رپورٹ میں کہا گیا کہ سعودائزیشن کی حکومتی پالیسی اور غیر ملکیوں پر عائد ہونے والی فیسوں کی وجہ سے 2016 ء اور2019 ء کے درمیان 12 لاکھ غیر ملکی سعودی عرب کو خیرباد کہہ چکے ہیں۔سعودی لیبر مارکیٹ میں 80 فیصد غیرملکی ہیں جن کے نکل جانے سے ان کی جگہ سعودیوں کو لینا چاہئے تھا مگر اعداد وشمار بتاتے ہیں کہ ایسا نہیں ہوا۔لیبر مارکیٹ میں اس وقت صرف 19 لاکھ سعودی کام کر رہے ہیں۔رپورٹ تیار کرنے والے ادارے ’’ٹامسن رائٹرز‘‘ کا کہنا ہے کہ نجی شعبہ غیر ملکیوں کی جگہ سعودی شہریوں کو بھرتی کرنے سے کترارہاہے۔ اس کے اسباب تلاش کرکے اسے حل کرنا چاہئے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ رواں سال کی پہلی سہ ماہی میں سعودی معیشت میں بہتری ریکارڈ کی گئی ہے۔ گوکہ وزارت محنت سعودی شہریوں کو بھرتی کرنے پر نجی شعبے کو متعدد سہولتیں فراہم کر رہی ہے مگر اس کے باوجود سعودائزیشن کی شرح تسلی بخش نہیں ہے۔