ریاض۔27اپریل ( سیاست ڈاٹ کام )سعودی عرب کی وزارت اسلامی امور و دعوت و رہنمائی نے کہا ہیکہ مملکت بھر کی مساجد میں جمعہ اور جماعت کی نماز پر پابندی برقرار ہے اور یہ ابھی ختم نہیں کی گئی ہے۔ میڈیا کے مطابق وزارت اسلامی امور نے یہ وضاحتی بیان سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ان افواہوں کی تردید میں ٹویٹر کے اپنے اکاؤنٹ پر جاری کیا ہے۔وزارت اسلامی امور نے بیان میں مزید کہا کہ عام مساجد اور جامع مساجد میں نماز پر پابندی کا سلسلہ ہنوز برقرار ہے تاہم مساجد کی صفائی، اصلاح و مرمت اور سینیٹائزنگ کی کارروائی حفاظتی تدبیر کے طور پر کی جارہی ہے۔ بیان کے مطابق بعض لوگوں نے مساجد میں صفائی، اصلاح و مرمت اور سینیٹائزنگ کی کارروائی کے مناظر دیکھ کر اپنی طرف سے یہ نتیجہ نکال لیاتھا کہ یہ مساجد کھولنے کی جانب پہلا قدم ہے۔کئی لوگ اس میں اضافہ کرکے یہ بات بھی کہہ رہے تھے کہ مساجد بہت جلد کھلنے والی ہیں۔ یاد رہے کہ سعودی عرب نے کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے حفاظتی تدابیر کے حصہ کے طور پر 17 مارچ 2020 کو مساجد میں نماز پر پابندی کا اعلان کیا تھا۔