سعودی عرب میں مقیم ہندوستانیوں کے مسائل پر مرکزی وزیر داخلہ سے نمائندگی

   

حیدرآباد۔/3 مئی، ( سیاست نیوز) سعودی عرب میں مقیم ہندوستانی کمیونٹی کے نمائندوں نے مملکتی وزیر خارجہ وی مرلیدھرن سے ملاقات کرتے ہوئے اپنے مسائل سے واقف کرایا۔ سوڈان میں پھنسے ہوئے ہندوستانیوں کی واپسی سے متعلق مشن کاویری کی نگرانی کیلئے مرلیدھرن سعودی عرب میں ہیں۔ ہندوستانی کمیونٹی کے نمائندوں نے ریاض میں مرکزی وزیر سے ملاقات کی اور تعلیمی اداروں میں اضافی فیس اور ہندوستان میں این آر آئیز کو درپیش مسائل سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ ارکان خاندان کیلئے ویزا کی اجرائی کی شرائط میں نرمی پیدا کی جائے۔ مرکزی وزیر نے ہندوستانیوں کے وفد سے کہا کہ حکومت بیرون ملک مقیم ہندوستانیوں کے مسائل کے حل میں سنجیدہ ہے۔ سعودی عرب کے مختلف صوبوں سے تعلق رکھنے والے این آر آئیز کے نمائندوں پر مشتمل اسٹیرنگ کمیٹی کے ارکان نے غیر مقیم ہندوستانیوں کے مسائل سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ ملازمت کے اختتام کے بعد حاصل ہونے والے فوائد کی یکسوئی اور فوت ہونے والے ورکرس کے زیر التواء بقایا جات کی اجرائی میں تاخیر سے مشکلات ہورہی ہیں۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ وہ سعودی حکام سے ہندوستانی کے مسائل پر بات چیت کریں گے۔ر