سعودی عرب میں وزارت صحت کی عازمین حج کو خاص ہدایات جاری

   

ریاض ، 4 جون (یو این آئی)سعودی عرب میں وزارت صحت نے عازمین حج کو خاص ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ‘براہ راست سورج کی گرمی سے خود کو محفوظ رکھیں، کوشش کریں کہ زیادہ دیر باہر نہ ٹہریں، چھتری کا استعمال ضرور کریں۔سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وزارت صحت نے مشاعر مقدسہ میں ‘ہیٹ اسٹروک’ سے بچنے کے لیے پانی کا استعمال زیادہ سے زیادہ کرنے کا مشورہ دیا ہے ۔رپورٹس کے مطابق انسانی جسم گرمی کی شدت کو 10 سے 15 منٹ تک برداشت کر سکتا ہے جس کے بعد ہیٹ اسٹروک کا خدشہ لاحق ہو سکتا ہے ۔ہیٹ سٹروک یا لو لگنے کی علامات کے حوالے سے بتایا گیا کہ شدید سردرد، چکر آنا، زیادہ پسینہ، شدید پیاس اور متلی کا احساس ہوتا ہے ۔ اس صورت میں فوری طبی مداخلت ضروری ہوجاتی ہے ۔رپورٹس کے مطابق ان علامات کی صورت میں متاثرہ شخص کے جسم کو فوری طور پر ٹھنڈا کیا جائے ہاتھوں، چہرے اور گردن کو ٹھنڈے پانی سے دھویا جائے اور کسی سایہ دار یا ایئرکنڈیشن جگہ پر لے جانے کے بعد زیادہ مقدار میں ٹھنڈا پانی پینے کے لیے دیں تاکہ ‘لو’ کے اثرات کو کم کیا جاسکے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق 7 ذی الحجہ بمطابق 4 جون 2025 سے 13 ذی الحجہ تک مشاعرمقدسہ میں درجہ حرارت 44 سے 47 ڈگری جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 20 سے 60 فیصد تک رہنے کا امکان ہے ۔