سعودی عرب میں پانچ پاکستانیوں کو سزائے موت دے دی گئی

   

ریاض: سعودی عرب میں ایک بنگلہ دیشی گارڈ کے قتل کے الزام میں پانچ پاکستانیوں کو موت کی سزا دے دی گئی۔ قصورواروں کو عدالت کے سامنے پیش کیا گیا اور پھر اعلی عدالتوں نے بھی سزا کو برقرار رکھا، جس کے بعد سزا پر عمل ہوا۔مشرق وسطی کے ایک معروف میڈیا ادارے ‘گلف نیوز’ نے سعودی عرب کے حکام کے حوالے سے یہ اطلاع دی ہے کہ رواں ہفتے مملکت میں پانچ پاکستانیوں کو موت کی سزا دی گئی۔ جن افراد کے سر قلم کیے گئے، ان پر ایک کمپنی پر دھاوا بولنے کے دوران ایک گارڈ کو قتل کرنے کا الزام تھا۔ اطلاعات کے مطابق موت کی سزا پر عمل گزشتہ منگل کے روز مسلمانوں کے مقدس شہر مکہ میں ہوا۔
سعودی عرب میں قتل اور دہشت گردانہ حملوں کے ساتھ ہی منشیات کی اسمگلنگ جیسے جرائم میں سزائے موت کا اطلاق ہوتا ہے۔ مملکت میں ہر برس اس طرح کے جرائم سے وابستہ درجنوں افراد کو موت کی سزا دی جاتی ہے۔گلف نیوز نے سعودی عرب کی وزارت داخلہ کے ایک بیان کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ ”قصوروار پاکستانی شہریوں نے خانگی شعبہ کی ایک فرم پر حملہ کیا تھا اور اس دوران انہوں نے کمپنی کے دو محافظوں کو باندھ دیا اور ان کے ساتھ مار پیٹ کی، جس میں سے ایک بنگلہ دیشی گارڈ کی موت ہو گئی تھی۔