ریاض : سعودی عرب میں 27 ستمبر کو پبلشرزکانفرنس کے دوسرے ایڈیشن کا ریاض کے جے ڈبلیو میریٹ ہوٹل میں آغاز ہوگیا۔ کانفرنس کا انعقاد لٹریچر، پبلشنگ اینڈ ٹرانسلیشن اتھارٹی نے سعودی پبلشنگ اسوسی ایشن کے تعاون سے کیا ہے۔ کانفرنس میں دنیا کی مختلف قومیتوں کے ناشرین، تقسیم کاروں، ماہرین اور ثقافتی سفیروں کا ایک گروپ شرکت کر رہا ہے۔کانفرنس میں 8 پینل مباحثوں ، 5 ورکشاپس اور علاقائی اور بین الاقوامی ماہرین اور پیشہ ور افراد کے درمیان ملاقاتوں کے پروگرام شامل ہیں۔ ان پروگراموں میں کتاب اور اشاعتی صنعت کے تمام اہم پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا جائیگا۔ کتاب کے مستقبل کے امکانات، مارکیٹ کے موجودہ رجحانات کا جائزہ بھی لیا جائیگا۔ خاص طور پر آڈیو کتابوں کی بڑھتی ہوئی مانگ کی روشنی میں ٹیکنالوجی اور ڈیٹا سروسز کے اثرات کو دیکھا جائے گا۔