سعودی عرب میں پہلا ویمن گولف ٹورنمنٹ کا اعلان

   

جدہ۔ 14 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب اگلے سال مارچ میں اپنی نوعیت کے پہلے خواتین گولف ٹورنمنٹ کی میزبانی کرے گا۔ چار روزہ مقابلوں کا آغاز 19 مارچ 2020 ء کو ہو گا جبکہ 10 لاکھ ڈالر کی خطیر انعامی رقم بھی مقرر کی گئی ہے۔سعودی عرب کے شہر جدہ کے رائل گرین اینڈ کنٹری کلب میں ہونے والے اِن مقابلوں میں شہرت یافتہ خواتین گولف کھلاڑی شرکت کریں گی جن میں تین دفعہ کی یورپین ٹور کی فاتح کارلی بوتھ بھی شامل ہیں۔کارلی بوتھ کے علاوہ گولف کی چار خواتین کھلاڑی سعودی عرب میں ہونے والے ان خواتین مقابلوں میں کھیل کی سفیر کے طور پر شرکت کریں گی۔کارلی بوتھ کا کہنا تھا کہ وہ ماضی میں متعدد بار سعودی عرب کا دورہ کر چکی ہیں تاہم اس بار سعودی خواتین کو گولف کی تربیت دینے کے لیے وہ پرجوش ہیں۔ان کے بقول، “میں اپنی ساتھی خواتین گولفرز سمیت اس تاریخی موقع کا حصہ بننے پر خوش ہوں۔”سعودی عرب میں کھیلوں کے مقابلوں میں خواتین کی شرکت کو معیوب سمجھا جاتا تھا، البتہ موجودہ حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کے تحت خواتین کو قومی دھارے میں لانے کیلئے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔