حیدرآباد ۔ 28 ۔ جنوری : ( راست ) : یہ خبر انتہائی افسوس کے ساتھ پڑھی جائے گی کہ سعودی عرب میں برسوں سے حجاج کرام کے لیے معلم کی خدمات انجام دینے والے حیدرآبادی گھرانوں کے سپوت جناب اسمعیل سیف الدین اور ان کی ہمشیرہ محترمہ حوری عثمان کا آج صبح کی اولین ساعتوں میں کار حادثہ میں انتقال ہوا ۔ محترمہ حوری عثمان اور جناب اسمعیل سیف الدین مدینہ منورہ سے جدہ جارہے تھے کہ راستے میں مخالف سمت سے آنے والی گاڑی نے ٹکر دے دی ۔ تصادم اس قدر شدید تھا کہ دونوں برسر موقع انتقال کر گئے ۔ کار میں سوار دیگر دو مسافر جناب اسمعیل ایمن اور ان کے رشتہ دار کو معمولی زخم آئے ۔ جناب اسمعیل سیف الدین جناب فاروق سیف الدین کے دوسرے برادر خورد تھے جو سعودی ۔ ہند میں معلم کی حیثیت سے مقبول تھے ۔ ہر سال ہزاروں ہندوستانی عازمین حج کو مناسک حج کی ادائیگی میں رہنمائی کرتے تھے ۔ ان تمام کا معلم خاندان سے تعلق تھا ۔ یہ خاندان حیدرآباد منتقل ہوا تھا ۔ اپنی سعودی شہریت واپس کرنے کے بعد خلوت نزد چارمینار میں مقیم تھا ۔ جناب اسمعیل ، ال سینٹس ہائی اسکول کے طالب علم تھے انہوں نے شہر میں پری یونیورسٹی سرٹیفیکٹ ( پی یو سی ) تک تعلیم حاصل کی اور سعودی عرب منتقل ہوئے ۔ انہوں نے سعودی عرب کے شاہی خاندان کے رائل فلٹ کے ساتھ وابستہ ہو کر ایر کرافٹ انجینئر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں ۔ پسماندگان میں اہلیہ اور چار فرزندان شامل ہیں ۔ دوسری جانب محترمہ حوری عثمان کے پسماندگان میں شوہر محمد العیدروس ، دو فرزندان اور ایک دختر شامل ہیں ۔ جناب محمد عثمان برطانوی شہری ہیں لیکن انہوں نے حیدرآباد میں سکونت کو ترجیح دی ہے ۔ دونوں مرحومین کی تدفین بعد نماز عشاء جنت المعلیٰ (مکہ مکرمہ) میں عمل میں آئی۔ مزید تفصیلات کے لیے جناب اسمعیل کے فرزند احسن سے فون 966504594489 پر ربط کریں ۔۔
