ریاض۔27 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان طلال الشلھوب نے کہا ہے کہ فرض نمازیں پڑھنے کے لیے کرفیو کے دوران بھی مسجد جانے کی اجازت ہوگی۔سعودی خبررساں ادارے کے مطابق وزارت داخلہ نے ایک بیان میں کہا کہ مملکت بھر میں کرفیومیں نرمی کے بعد گھروں سے نکلنے کے اوقات تبدیل کردیے گئے ہیں تاہم مکہ مکرمہ نئی تبدیلی سے مستثنی ہے۔وزارت داخلہ کے مطابق گھروں سے نکلنے کے نئے اوقات تین مراحل میں نافذ ہوں گے۔وزارت داخلہ کے ترجمان نے بتایا کہ اتوار 31 مئی سے مساجد میں فرض نمازیں اور جمعہ کی نماز ادا کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ اس اجازت سے مکہ شہر کی مساجد مستثنی ہیں۔ترجمان کے مطابق اس دوران مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو روزانہ صبح 6 بجے سے رات 8 بجے تک گھروں سے نکلنے کی اجازت ہوگی۔مملکت کے متعدد علاقوں میں فجر اور عشا کی نمازیں کرفیو کے دوران ادا کی جائیں گی۔وزارت داخلہ نے اسی امر کو مدنظر رکھتے ہوئے مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کی طرف سے کیے جانے والے سوال کے جواب میں کہا ہے کہ وہ کرفیو کے دوران بھی فرض نمازیں ادا کرنے کی مسجد جاسکتے ہیں البتہ نماز کی ادائیگی کے لیے جاتے وقت حفاظتی تدابیر کی پابندی کرنا ہوگی۔یاد رہے کہ جمعرات سے کرفیو کا دورانیہ سہ پہر 3 بجے سے صبح چھ بجے تک ہوگا جبکہ اتوار سے کرفیو کا سلسلہ رات 8 بجے سے صبح 6 بجے تک چلے گا۔ اس دوران مقامی شہری اور مقیم غیرملکی فرض نمازوں کے لیے مساجد آجاسکتے ہیں۔