سعودی عرب میں کورونا ضوابط میں نرمی، کھلے مقامات میں ماسک کی پابندی اٹھا لی گئی

   

ریاض: سعودی عرب میں کورونا کے اثرات میں کمی کے بعد عالمی وبا کے حوالے سے اختیار کردہ ضوابط میں نرمی لانے کا عمل شروع ہوگیا ہے۔ سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے کھلے مقامات پر ماسک پہننے کی پابندی ختم کر دی ہے۔ سعودی عرب کی پریس ایجنسی ’ایس پی اے‘ نے وزارت داخلہ کے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ مملکت میں کورونا ویکسیینیشن کی کامیاب مہم، متاثرین کی تعداد میں نمایاں کمی اور وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ ہدایات کی روشنی میں 17 اکتوبر 2021 سے صحت سے متعلق احتیاطی تدابیر میں نرمی کی منظوری دی گئی ہے۔ اس ضمن میں عوامی مقامات پرماسک پہننے کی پابندی ختم کر دی گئی ہے۔ ذرائع نے واضح کیا کہ اب کھلی جگہوں پر ماسک پہننے کی پابندی نہیں ہے۔ تاہم بند مقامات پر ماسک پہننے کی پابندی برقرار ہے۔ذرائع نے نشاندہی کی کہ احتیاطی تدابیر میں ان لوگوں کے لئے نرم کی گئی ہیں، جو کووڈ-19 ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوا چکے ہیں۔ مسجد حرام میں پوری گنجائش کے تحت نمازیوں کو عبادت کی اجازت ہوگی تاہم نمازیوں اور زائرین کو تمام اوقات میں مسجد حرام کی حدود میں ماسک پہننا ہوگا۔ اس کے علاوہ انہیں ’اعتمرنا‘ اور ’توکلنا‘ میں سے کسی ایپ کے ذریعے اپنی رجسٹریشن کرانا ہوگی تاکہ وہ ایک ہی وقت میں موجودہ تعداد ہوتے ہوئے عمرہ ادا کر سکیں۔