سعودی عرب میں گرمی کی شدید لہرشروع

   

ریاض: سعودی عرب کا شمار دْنیا کے گرم ترین خطوں میں ہوتا ہے۔ جبکہ گرمی کے دِنوں میں تو یہاں پر سورج آگ برساتا معلوم ہوتا ہے، جس کی وجہ سے گھروں سے باہر نکلنا اجیرن ہو جاتا ہے۔گزشتہ دو ہفتوں کے دوران مملکت میں اتنی گرمی پڑی کہ لوگوں نے گھروں سے نکلنا کم سے کم کر دیا تھا، تاہم چند روز قبل ہونے والی بارشوں نے موسم قدرے خوشگوار بنا دیا۔مگر اب محکمہ موسمیات نے ایک بارپھر شدید گرمی پڑنے کی خبر سْنا دی ہے۔سعودی محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ آج سوموار کے روز سے لے کر جمعرات تک مملکت کے متعدد علاقوں میں شدید گرمی پڑے گی، خصوصاً مشرقی ریجن اور شمالی ریجن میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ جائے گا۔ جبکہ مدینہ منورہ اور القصیم کے ریجن بھی گرمی کی شدید لہر کی لپیٹ میں آئیں گے جہاں درجہ حرارت 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔گرمی کی اس لہر سے ریاض اور جدہ کے علاقے بھی شدید متاثر ہوں گے۔ البتہ باحہ اور طائف میں موسم قدرے خوشگوار رہے گا۔ واضح رہے کہ گرمی شروع ہوتے ہی وزارت محنت و سماجی بہبودنے گزشتہ ماہ اعلان کر دیا تھا کہ 15 جون20 20ء سے لے کر 15 ستمبر 2020ء تک کے تین مہینوں میں کسی بھی ملازم سے دوپہر 12 بجے سے لے کر سہ پہر 3 بجے تک کھلے آسمان تلے مزدوری نہیں کروائی جائے گی کیونکہ ان مہینوں میں شدت کی گرمی پڑتی ہے جس سے ملازمین کی صحت اور زندگیوں کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔