سعودی عرب میں گیس کا بڑا ذخیرہ دریافت

   

ریاض،24فروری(سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب میں سب سے بڑے گیس ذخائر کا افتتاح جلدکردیا جائے گا۔سعودی میڈیاسے ملنے والی اطلاعات کے مطابق ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی زیر صدارت سپریم ہائیڈرو کاربنز کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں سعودی عرب کے مشرق میں الجافورہ گیس فیلڈ کو ترقی دینے کے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ یہ گیس فیلڈ ملک میں گیس کا اب تک دریافت کیا گیا سب سے بڑا ذخیرہ ہے جس کی لمبائی 170 کلومیٹر ہے اور چوڑائی 100 کلو میٹر ہے ۔ واضح رہے کہ ذخیرے میں قدرتی گیس کے ذخائر کے حجم کا تخمینہ 200ٹریلین مکعب فٹ لگایا گیا ہے ۔