ریاض ۔ سعودی عرب میں اب تک 10 ہزار افراد کو کورونا ویکسین دی جاچکی ہے جبکہ رجسٹریشن کرنے والوں کی تعداد میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ ہورہا ہے۔ ویب سائٹ کے مطابق وزارت صحت نے کہا ہے کہ ریاض کے سنٹر میں ویکسین لینے والے افراد کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کی جاچکی ہے۔ریاض میں ویکسین سنٹر میں توسیع کا عمل جاری ہے تاکہ بڑھتی ہوئی تعداد کو خدمات فراہم کی جاسکیں۔وزارت صحت نے کہا ہے کہ مملکت کے مختلف شہروں میں 5 لاکھ سے زائد افراد کورونا ویکسین کے لئے خود کو رجسٹر کرا چکے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق وزارت صحت کی ایپ صحتی پررجسٹر ہونے والوں کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 178 تھی جس میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ ہو رہا ہے۔وزارت صحت نے کورونا ویکسین کے حوالے سے اس امر کی یقین دہانی کروائی ہے کہ ویکسین مکمل طور پر محفوظ ہے۔ اس بارے میں وزارت کی جانب سے انتہائی باریک بینی سے ویکسین کی تیاری اور اس کے بعد حاصل ہونے والے نتائج کا انتہائی باریک بینی سے جائزہ لیا گیا ہے۔ وزارت نے ٹوئٹر پر لوگوں سے کہا ہے کہ وہ ویکسین کے لئے خود کوجلد از جلد رجسٹرکرائیں تاکہ اس مہلک وبائی مرض سے محفوظ رہا جا سکے۔