سعودی عرب میں 15 فیصد ویاٹ کا نفاذ

   

ریاض۔ سعودی عرب میں شاہی فرمان کے مطابق ٹیکس نظام میں ترمیم کرنے کے بعد ملک بھر میں 15 فیصد ویلیو ایڈیڈ ٹیکس نافذ کر دیا گیا ہے۔سرکاری خبر رساں ادارے واس کے مطابق محکمہ زکاۃ و آمدنی نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ یکم جولائی سے ملک بھر میں 15 فیصد ویلیو ایڈیڈ ٹیکس کا نظام نافذ ہوچکا ہے۔اس سے قبل جاری ہونے والے شاہی فرمان میں کہا گیا تھا کہ ویلیو ایڈیڈ ٹیکس کی شرح پانچ فیصد سے بڑھا کر 15 فیصد کردی جائے گی۔محکمے نے تمام تجارتی اداروں اور واٹ میں شامل ہونے والے مراکز کو ہدایت دی ہے کہ وہ صارفین سے یکم جولائی2020 سے 15 فیصد واٹ وصول کریں نیزخودکو محکمے کی ویب سائٹ میں رجسٹرڈ کروائیں۔محکمہ زکوۃ وآمدنی نے مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں سے کہا ہے کہ وہ ویلیو ایڈیڈ ٹیکس میں اضافے میں تعاون کریں۔اگرکسی ادارے کی طرف سے اس سلسلے میں کوئی خلاف ورزی دیکھنے میں آئے تو پہلی فرصت میں اس سے مطلع کردیا جائے۔محکمے نے شہری وغیر ملکی صارفین کو ہدایت دی ہے کہ دکانوں سے خریدی جانے والی اشیاء کا بل(فاتورہ) ضرور وصول کیاکریں اور اس میں ادارے کا رجسٹریشن نمبر نیز واٹ کی شرح ضرور دیکھا کریں۔