ریاض: سعودی عرب کے شہر جازان میں پولیس نے غیر قانونی تارکین وطن کو ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے والے شہری کو گرفتار کرلیا۔عرب خبر رساں ادارے نے جازان پولیس حکام کے حوالے سے بتایا کہ پولیس نے غیر قانونی تارکین وطن کو ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے پر ایک سعودی شہری کو گرفتار کرلیا ہے، مذکورہ شخص نے سرحد عبور کرکے ملک میں داخل ہونے والے 16 ایتھوپی غیر قانونی تارکین وطن کو ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کی تھی۔پولیس کا کہنا ہے کہ غیر قانونی تارکین وطن کی مدد کرنا ،انہیں رہائش یا ٹرانسپورٹ دینا یا ان کے ساتھ کسی بھی قسم کا تعاون کرنا سنگین جرم ہے، ایسا کرنے پر 15 سال قید اور 10 لاکھ ریال جرمانہ ہوگا جبکہ جرم کی سنگینی کے اعتبار سے دونوں سزائیں بیک وقت بھی دی جاسکتی ہیں۔ ابتدائی تحقیقات کے بعد شہری کو پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا ہے۔