دو افراد کا انتقال مابقی کی حالت مستحکم ، اوصاف سعید کی ویڈیو پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 15 ۔ اپریل : ( راست ) : سفیر ہند برائے سعودی عرب ڈاکٹر اوصاف سعید نے لاک ڈاؤن کی وجہ سے Zoom App کے ذریعہ مقامی صحافیوں سے موجودہ حالات میں سعودی عرب میں آباد تارکین وطن کی تازہ ترین صورتحال پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ مملکت میں 186 ہندوستانی کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ۔ جن میں سے دو کا انتقال ہوا اور باقی سب کی حالت خطرے سے باہر ہے ۔ مرنے والوں میں ایک ریاض اور دوسرے مدینہ منورہ سے تھے ۔ دونوں کا تعلق ریاست کیرالا سے تھا ۔ ڈاکٹر اوصاف سعید نے بتایا کہ ایمبسی ایسی تمام کمپنیوں سے رابطہ میں ہے جہاں بڑی تعداد میں ہندوستانی کام کرتے ہیں اور ان کے بارے میں معلومات حاصل کررہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ایمبسی 24×7 کی بنیاد پر ہندوستان کے لیے دستیاب ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ہندوستانی ڈاکٹرس کا ایک گروپ ہندوستانی تارکین وطن کو آن لائن دستیاب ہیں طبی مشورے دینے کے لیے ۔ انہوں نے بتایا کہ ایمبسی نے انڈین انتظامیہ کے تحت کام کرنے والے پولی کلینک کی ایمبولنس کی خدمات حاصل کرنے کا انتظام کیا ہے ۔ عارضی ویزا پر آئے ہندوستانیوں کی وطن واپسی سے متعلق سوال پر اوصاف سعید نے بتایا کہ ابتداء میں 3000 ہندوستانیوں کو وطن بھیج دیا گیا باقی ہندوستانیوں کو واپس بھیجنے میں ابھی کچھ وقت لگے گا ۔ ڈاکٹر اوصاف سعید نے بتایا کہ ہندوستان اور سعودی عرب کی صورتحال کورونا وائرس کے سلسلے میں بہتر ہے ۔ بمقابل دنیا کے کچھ دیگر ممالک سے ۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم ہند نے گلف کے ہندوستانی سفیروں سے بھی ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ خطاب کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے نائب ملک مملکت سعودی عرب شہزادہ محمد بن سلمان سے بھی رابطہ کیا ۔ ایک سوال کے جواب میں اوصاف سعید نے کہا کہ انڈین اسکولس کے تمام طلباء کو آن لائن کلاسیس کی سہولت بہم پہنچائی جارہی ہے ۔ چاہے انہوں نے اسکول فیس ادا کی ہو یا نہیں ۔ آخر میں انہوں نے تمام ہندوستانی باشندوں سے جو سعودی عرب میں مقیم ہیں سے کہا کہ وہ مملکت کی جانب سے دی جانے والی ہدایات پر سختی سے عمل کریں اور محفوظ رہیں ۔۔
