سعودی عرب میں 27 ستمبر کو نئے ٹورسٹ ویزا کی لانچنگ

,

   

Ferty9 Clinic

ویزا کی فیس 300 سعودی ریالس اور میڈیکل انشورنس کیلئے 140 ریالس کی زائد وصولی
الیکٹرانک پلیٹ فارم سے اندرون 30 منٹ ویزا کی حصولی
ایک سال میں 180 دنوں سے زیادہ قیام کی اجازت نہیں
دنیا کے تقریباً تمام ممالک 2020ء کے پہلے سہ ماہی تک بھرپور استفادہ کرسکیں گے
جدہ ۔ 12 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب 27 ستمبر کو ایک نیا ٹورسٹ ویزا لانچ کرے گا جس کے تحت دنیا کے 51 ممالک کے شہریوں کو مملکت کا دورہ کرنے کی اجازت حاصل ہوجائے گی۔ ایک سرکاری ذریعہ نے سعودی گزٹ کو یہ بات بتائی جس کے مطابق ویزا کی فیس 300 سعودی ریال (80 ڈالرس یا 70 یوروز) ہوگی جبکہ درخواست گذار کو میڈیکل انشورنس کیلئے زائد 140 سعودی ریال ادا کرنے ہوں گے اور اس طرح ٹورسٹ ویزا کے حصول کیلئے ہر درخواست گزار کو مجموعی طور پر 440 سعودی ریال ادا کرنے ہوں گے۔ ویزا کی مدت انشورنس کی تاریخ سے ایک سال کیلئے ہوگی جبکہ مملکت میں صرف تین ماہ کے قیام کی اجازت دی جائے گی جبکہ ایک سال میں اگر دو تین بار بھی مملکت کا دورہ کیا گیا تو درخواست گزار کو مجموعی طور پر 180 یوم سالانہ سے زائد قیام کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ویزا ایک الیکٹرانک پلیٹ فارم سے اندرون 30 منٹ حاصل کیا جاسکتا ہے یا پھر ’’آمد پر ویزا‘‘ طریقہ کار پر عمل آوری کے ذریعہ سعودی عرب پہنچنے پر ویزا حاصل کیا جاسکتا ہے۔ ویزا کے اس نئے طریقہ کار کو متعارف کرنے کے بعد 2020ء کے پہلے سہ ماہی میں عالمی سطح پر استفادہ کرنے والے ممالک کی تعداد بڑھ سکتی ہے جبکہ موجودہ طور پر جو ممالک اس ویزا نظام سے استفادہ کررہے ہیں ان میں امریکہ، کینیڈا، برطانیہ، نیوزی لینڈ، جنوبی کوریا، اٹلی، آئس لینڈ، فرانس، ناروے، اسپین، یونان، نیدرلینڈس، رومانیہ، کروشیا، سویڈن، ڈنمارک، ایسٹونیا، فن لینڈ، سنگاپور، ملائشیا، قازقستان، روس، آسٹریا، پولینڈ، چین، ہانگ کانگ اور بلغاریہ شامل ہیں۔ درخواست گزار کا 18 سال کی عمر کا ہونا لازمی ہے اور جن کی عمریں 18 سال سے کم ہیں ان کا ایک نگرانکار ہونا بھی ضروری ہے۔ ویزے کے حصول کیلیء ان کا واپسی کے ٹکٹ یا ہوٹل بکنگ ریزرویشن کی نقل پیش کرنا ضروری نہیں بلکہ ٹورسٹ (سیاح) کا رہائشی پتہ ہی کافی ہوگا جبکہ ویزا کی کاغذی نقل بھی ضروری نہیں ہوگی بلکہ ایک ڈیجیٹل نقل ضروری ہوگی اور درخواست گزار کے پاسپورٹ کے غیر کارکرد ہونے (ایکسپائری) میں چھ ماہ کا عرصہ باقی ہونا چاہئے۔

گرفتار شدہ آسٹریلیائی شہریوں سے بہتر سلوک کرنے ایران سے اپیل
سڈنی ۔ 12 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا نے جمعرات کے روز ایران سے اپیل کی ہیکہ جن تین آسٹریلیائی شہریوں کو وہاں (تہران) گرفتار کیا گیا ہے ان کے ساتھ انسانی سلوک روا رکھا جائے۔ آسٹریلیا کی وزیر برائے خارجی امور میریز پین نے کہا کہ انہوں نے اس معاملہ کو اپنے ایرانی ہم منصب جواد ظریف کے ساتھ کئی بار اٹھایا ہے جبکہ ظریف کے ساتھ انہوں نے آخری بار صرف ایک ہفتہ قبل ہی بات چیت کی ہے۔ پین نے کہا کہ آسٹریلیائی حکومت یہ توقع کررہی ہیکہ ایرانی حکومت گرفتار شدہ آسٹریلیائی شہریوں کے ساتھ انسانی سلوک اور بین الاقوامی حدود کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کے ساتھ معاملہ کرے گی۔
یاد رہیکہ پرتھ کے شہری جولی کنگ اور مارک فرکین اپنے سفر کی معلومات سوشیل میڈیا کے ذریعہ متواتر فراہم کررہے تھے۔ آسٹریلیا سے برطانیہ کے سفر کے دوران انہوں نے سوشیل میڈیا سے مسلسل ربط رکھا جبکہ کرغستان اور پاکستان پہنچنے کے بعد ڈھائی ماہ سے سوشیل میڈیا پر بھی ان کی کوئی پوسٹ دیکھی نہیں گئی جبکہ ان کے ارکان خاندان بھی ان کی خیریت جاننے کیلئے بے چین ہیں۔