سعودی عرب میں 30 روزوں اوراتوار کو عید کی پیش قیاسی

,

   

ریاض۔21 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) ماہرین فلکیات نے سعودی عرب میں اس سال رمضان المبارک کے 30 روزوں کی پیش قیاسی کی ہے۔ ماہرین فلکیات نے کہا ہے کہ جمعۃ المبارک 29رمضان المبارک کو چاند سورج سے قبل غروب ہوجائے گا۔ اس طرح اس روز شوال کا چاندنظر نہیں آئے گا اور ماہ صیام کے تیس روزے پورے ہوں گے اور عیدالفطر اتوار کو ہوگی۔سعودی عرب کی المجمعہ رصدگاہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ 29 رمضان المبارک کو چاند سورج سے 13 منٹ قبل غروب ہوجائے گا۔ فلکی حساب کے مطابق سعودی عرب میں 29رمضان کو سورج 293 درجے پر شام چھ بج کر 39 منٹ پر غروب ہوگا جب کہ چاند چھ بج کر 26 منٹ پر یعنی غروب آفتاب سے 13 منٹ قبل افق سے غائب ہوجائے گا۔رصدگاہ کے مطابق ہفتے کے روز 30 رمضان المبارک 23 مئی کو سورج 6 بج کر 40 منٹ پر غروب ہوگا جب کہ چاند7 بج کر 23 منٹ پر غروب ہوگا۔ اس طرح 30 رمضان المبارک کی شام کو شوال کا چاند غروب آفتاب کے بعد 43 منٹ تک افق پر دیکھا جاسکے گا۔عودی عرب کی القصیم یونیورسٹی میں جغرافیے اور موسمیات کے استاد پروفیسر ڈاکٹر عبداللہ المسند نے کہا ہے کہ 29 رمضان المبارک کو چاند مکہ معظمہ میں غروب آفتاب سے 10 منٹ قبل غروب ہوگا۔ سورج اور چاند اگلے روز8بج کر 39 منٹ پر ایک دوسرے کے قریب آئیں گے۔ اس طرح سعودی عرب میں ماہ صیام 30 دنوں کا ہوگا اور عید الفطر اتوار 24 مئی کو ہوگی۔