سعودی عرب میں 30 فیصد اکاؤنٹس جابس سعودی شہریوں کو دینے کا فیصلہ

   

ریاض : حکومت سعودی عرب نے فیصلہ کیا ہیکہ خانگی شعبوں میں اکاؤنٹنگ جابس میں 30 فیصد سعودی شہریوں کو مختص کیا جائے۔ سعودی عرب کے وزیرفروغ انسانی وسائل احمد الراجی نے کہا کہ حکومت کے فیصلہ کے مطابق جنوری 2021ء سے اس پر عمل کیا جائے گا۔ اکاؤنٹ ڈائرکٹر ، ڈائرکٹر آف زکوٰۃ اور ٹیکس ڈپارٹمنٹ کے بشمول کئی شعبوں کے اکاؤنٹنگ جاب پر 30 فیصد سعودی شہریوں کا حق ہوگا۔ خانگی کمپنیوں پر لازم ہوگا کہ وہ کم از کم 5 اکاؤنٹنگ جابس کو سعودیوں کیلئے مختص کردیں۔ اس سے 9800 سعودیوں کو روزگار کا موقع ملے گا۔ اس کے علاوہ سعودی اکاؤنٹنٹ جس کے پاس گریجویٹ ڈگری ہوگی اسے ماہانہ 600 سعودی ریال تنخواہ دی جائے گی۔ اگر وہ ڈپلومہ ہولڈر ہوتو ہر ماہ 4500 سعودی ریال تنخواہ دی جانی چاہئے۔ اگرچہ کہ یہ فیصلہ سعودی شہریوں کو روزگار دینے کیلئے پابند کیا جارہا ہے ، اس سے ایشیائی ممالک خاص کر ہندوستان، پاکستان اور بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے افراد کیلئے روزگار کے مواقع کم ہوجائیں گے۔