ریاض۔ 26 ستمبر (ایجنسیز) سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے مکان مالکان اور کرایہ داروں کے درمیان تعلقات کو منظم کرنے اور ہاؤسنگ سیکٹر میں استحکام پیدا کرنے کے لیے اہم حکم جاری کیا ہے۔ اس فیصلے کے مطابق ریاض میں جائیداد کے کرایوں میں آئندہ پانچ سال تک سالانہ اضافہ معطل رہے گا۔فیصلے کے تحت اگر کرایہ دار لیز کی تجدید چاہے تو مکان مالک کے لیے معاہدہ بڑھانا لازمی ہوگا۔ البتہ، صرف تین مخصوص صورتوں میں کرایہ دار کو مکان خالی کرنے پر مجبور کیا جا سکے گا۔پہلی صورت یہ ہے کہ اگر کرایہ دار مقررہ تاریخ پر کرایہ ادا کرنے میں ناکام ہو تو مالک مکان کو لیز کی تجدید سے انکار کا حق ہوگا۔ دوسری صورت اس وقت سامنے آئے گی جب جائیداد میں ایسے ساختی نقائص یا خطرات موجود ہوں جو رہائشیوں کی سلامتی کے لیے نقصان دہ ہوں۔ تیسری اور آخری صورت میں کرایہ دار کو اس وقت مکان خالی کرنا پڑے گا جب مالک مکان یا اس کا قریبی رشتہ دار (فرسٹ ڈگری) پراپرٹی کو ذاتی رہائش کے لیے استعمال کرنا چاہے۔ولی عہد کے اس اقدام کا مقصد کرایہ داروں کو کرایوں میں من مانے اضافے سے تحفظ فراہم کرنا، ان کے رہائشی استحکام کو یقینی بنانا اور جائیداد مالکان کے لیے سرمایہ کاری کا ایک منصفانہ ماحول قائم کرنا ہے۔