سعودی عرب نیو کاسل یونائیٹڈ کو خریدنے کا خواہاں

   

ریاض ۔27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کے خود مختار ویلتھ فنڈ نے انگلش فٹبال کلب نیو کاسل یونائیٹڈ کو خریدنے کی کوششیں شروع کر دی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سعودی ویلتھ فنڈ نیوکاسل یونائیٹڈ کو تقریبا 340 ملین برطانوی پاؤنڈ کے عوض خریدنے کا متمنی ہے اور اس سلسلے میں اس کی حکام سے بات چیت جاری ہے۔ خیال رہے کہ اگر نیو کاسل یونائیٹڈ کو سعودی ویلتھ فنڈ نے خرید لیا، تو یہ انگلش پریمیئر لیگ کا دوسرا کلب ہوگا جس کی ملکیت عرب ممالک میں سے کسی فرد یا ادارے کے پاس ہوگی۔ تقریباً ایک تہائی انگلش کلبوں کے مالک غیر ملکی افراد یا ادارے ہیں۔ انگلش پریمیئر لیگ کلبوں آرسنل لندن، لیورپول اورمانچسٹر یونائیٹڈ کے ملکیتی حقوق امریکیوں کے پاس ہیں جبکہ مانچسٹر سٹی نامی فٹبال کلب کا مالک متحدہ عرب امارات میں ابوظہبی کا یونائیٹڈ گروپ ہے۔ ایک اورمشہورکلب چیلسی کی ملکیت سن 2003ء سے روسی نژاد اسرائیلی شہری رومان ابرامووچ کے پاس ہے۔ نیو کاسل یونائیٹڈ 2007ء سے برطانوی ارب پتی شخصیت مائیک ایشلے کی ملکیت ہے۔ سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ ایک دوسرے گروپ کے ساتھ مل کر یہ مذاکرات جاری رکھے ہوئے ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ مذاکرات بہت اہم مرحلے میں ہیں اور تفصیلات منظر عام پر آ جانے سے انگلینڈ میں پریمیئر لیگ کے اس فٹبال کلب کی فروخت کا معاملہ ناکام بھی ہو سکتا ہے۔