ریاض: سعودی عرب کی جانب سے وینس سٹی کی تاریخی عمارت ’ابازیا دی سان گریگوری‘ میں نمائش منعقد کی جارہی ہے جسے ’بغیر کشش والی آبادی‘ کا عنوان دیا گیا ہے۔ نمائش میں نیوم کی ’دا لائن سٹی‘ کے حوالے سے مجوزہ ڈیزائنز پیش کیا جائے گا۔ سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ کے مطابق نمائش چار ماہ جاری رہے گی۔ دا لائن سٹی کیلئے ڈیزائن بین الاقوامی آرکیٹکٹ نے تیار کیے ہیں نمایاں نام مورفوسس، سر پیٹرکاک، جین نوویل، یو این سٹوڈیو، فاکساس، یولر وو، ڈی ایم اے اے اور ایڈجہ ہیں۔
جنہوں نے سٹی ڈیزائن میں انقلاب برپا کردیا ہے۔ ’بغیر کشش والی آبادی‘ کی بنیاد پر جو ڈیزائن تیار کیے گئے ہیں ان کا تصور گزشتہ صدی میں رائج آبادی کے تصور سے مختلف اور نیا ہے۔ دا لائن سٹی کے آرکیٹکٹس نے دنیا بھر میں ماحولیاتی و تمدنی چیلنجوں کے مسائل حل کرنے والا پائیدار حل پیش کیا ہے۔ دا لائن سٹی نئے تصور کی بنیادوں پر قائم ہوگا۔ اس میں نوے لاکھ افراد شہر کے دو فیصد سے کم رقبے میں رہائش اختیار کریں گے۔ اس جیسے دیگر شہروں کی آبادی جتنے رقبے میں رہ رہی ہے اس کے مقابلے میں دا لائن سٹی کے کل رقبے کا دو فیصد سے بھی کم حصہ رہائشیوں کیلئے مختص ہوگا۔ اس تصور کے نتیجے میں نیوم کا 95 فیصد حصہ قدرتی ماحول کیلئے محفوظ ہوگا۔ اس کی بدولت دا لائن سٹی میں رنگا رنگ خوشگوار ماحول استوار کیا جاسکے گا۔ دالائن سٹی کی ایک خاصیت یہ ہے کہ یہ تجدد پذیر توانائی پر منحصر ہوگا جبکہ پانی کی فراہمی اور خوراک کی پیداوار کیلئے پائدار طریقہ کار اختیار کیا جائے گا۔