سعودی عرب و دیگر ممالک کی ’اسرائیلی جارحیت‘کی مذمت

   

ریاض، 13 جون (یو این آئی)سعودی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ ‘سعودی عرب، برادر اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف صریح اسرائیلی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے ، جو اس کی خودمختاری اور سلامتی کو نقصان پہنچانے کیلئے ہے اور بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہے ’۔عمان کی جانب سے صورتحال پر ردعمل میں کہا گیا کہ ‘عمان اس عمل کو ایک خطرناک، غفلت کی بنا پر شدت میں اضافہ سمجھتا ہے ، جو اقوام متحدہ کے چارٹر، بین الاقوامی قوانین کے اصولوں کی کھلی خلاف ورزی کی ہے ، اس طرح کا جارحانہ، مسلسل رویہ ناقابل قبول ہے اور علاقائی امن و سلامتی کو مزید غیر مستحکم کرتا ہے ‘۔اماراتی وزارت خارجہ نے بیان میں کہا کہ ‘بات چیت بڑھانے ، بین الاقوامی قانون کی پاسداری اور ریاستوں کی خودمختاری کا احترام موجودہ تنازع کے حل کیلئے اہم اصول ہیں۔متحدہ عرب امارات نے سفارتکاری کے ذریعے تنازعہ کے حل پر زور دیا اور اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل سے مطالبہ کیا کہ جنگ بندی کے حصول اور بین الاقوامی امن و سلامتی کی تقویت کیلئے فوری اور ضروری اقدامات کیے جائیں۔غزہ کے ثالث قطر نے ایران پر اسرائیلی حملوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس سے کشیدگی کو کم کرنے اور سفارتی حل تک پہنچنے کی کوششوں کو ‘پہنچا’ ہے ۔خلیجی ریاست کی وزارت خارجہ نے سرکاری قطر نیوز ایجنسی کے ذریعے رپورٹ کردہ بیان میں کہا کہ ‘قطر، اسرائیلی حملے پر شدید مذمت کا اظہار کرتا ہے ۔ترک وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیل کو اپنے جارحانہ اقدامات کو فوری طور پر بند کرنا چاہیے جو مزید تنازعات کا باعث بن سکتے ہیں۔ ترکیہ کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے ایران پر اسرائیل کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے انہیں ‘وحشیانہ’ اور بلاجواز جارحیت قرار دیا تھا۔ترک صدر رجب طیب اردوان کی گورننگ پارٹی کے ترجمان عمر سیلک نے کہا کہ یہ کارروائی توجہ ہٹانے کی کوشش ہے ، جس کا مقصد غزہ میں اس کے اقدامات پر بین الاقوامی تنقید سے توجہ ہٹانا ہے ۔عمر سیلک نے ‘ایکس’ پر پوسٹ میں کہا کہ ‘اسرائیلی حملے کا کوئی جواز نہیں ہو سکتا، یہ وحشیانہ جارحیت ہے ’۔انہوں نے الزام لگایا کہ اسرائیل نے امریکہ اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات کے دوران اس حملے کے ذریعے سفارتی کوششوں کے خلاف ‘دشمنی’ کا مظاہرہ کیا ہے ۔ہندوستانی وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے اسرائیل اور ایران دونوں پر زور دیا ہے کہ وہ ‘کشیدگی میں اضافہ کرنے والے کسی بھی اقدام سے گریز کریں۔

انڈین مسلمس فار سیول رائٹس کی اسرائیلی حملے کی مذمت
نئی دہلی،13 جون(یو این آئی) انڈین مسلم فار سیول رائٹس کے صدر اور سابق رکن پارلیمنٹ محمد ادیب نے کہا اسرائیل کی جانب سے ایران کی دارالحکومت تہران سمیت مختلف سویلین رہائش گاہوں کو نشانہ بنانے جانے اور فوجی تنصیبات پر کئے گئے پروویکیٹیو حملے کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے وزیر اعظم جنگی جنون میں خطے کو غیر یقینی صورتحال میں دھکیل دینا چاہتے ہیں تاکہ اپنے جنگی عزائم کو وہ مزید آگے بڑھا سکیں۔انہوں نے کہا کہ محض جنگی جنون میں اس طرح سے کسی ملک کی سالمیت اور اسکی خود مختاری کو چیلنج کیا جانا انتہائی سنگین اور دنیا کو تباہی کی طرف لے جانے والا قدم ہے۔