سعودی عرب کا سفر کرنے والے ہندوستانیوں کیلئے ویکسین لازم

,

   

راست فلائٹس پر پابندی سے ہندوستانیوں کو مشکلات۔ سفارت خانہ کی جانب سے مسلسل راحتی اقدامات

ڈاکٹر اوصاف سعید کی آن لائن میٹنگ

حیدرآباد۔ ہندوستانی سفیر برائے سعودی عرب ڈاکٹر اوصاف سعید نے سعودی عرب میں مقیم ہندوستانیوں سے ایک آن لائن میٹنگ کا انعقاد کیا جس کے تحت کئی اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس میٹنگ میں ڈاکٹر اوصاف سعید نے بتایا کہ عالمی کورونا وائرس وباء کی صورتحال کے دوران سال 2020 سے اب تک سعودی عرب میں ہندوستانی سفارتخانہ نے کئی اقدامات کئے ہیں جس سے ہندوستانیوں کو سہولت و راحت حاصل ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ اس وباء کی صورتحال میں دنیا بھر میں مقیم ہندوستانیوں بشمول سعودی عرب میں مقیم ہندوستانیوں کو کئی مسائل درپیش ہوئے ہیں جس میں سعودی عرب میں ہندوستانی سفارتخانہ نے ایسے کئی اقدامات بشمول ساڑھے پانچ لاکھ سے زیادہ افراد کی وطن واپسی اور خصوصی طیاروں کا انتظام بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ہنگامی صورتحال میں سعودی عرب کی جانب سے 20 ممالک بشمول ہندوستان سے آنے والی فلائیٹس پر پابندی عائد کی گئی ہے جس سے ہندوستانیوں کی آمدورفت میں خلل پیدا ہوا ہے اور کئی مسائل درپیش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راست طور پر نہیں بلکہ دیگر ممالک میں کچھ وقفہ گذارنے کے بعد سعودی عرب میں داخلہ دیا جارہا ہے لیکن حالیہ دنوں بحرین سے آنے والے ہندوستانیوں پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے جس کے نتیجہ میں بعض ہندوستانی وہاں دشواریوں کا شکار ہوئے ہیں۔ ڈاکٹر اوصاف سعید نے اس تبادلہ خیال کے دوران کہا کہ سعودی عرب کا سفر کرنے والے ہندوستانیوں بالخصوص حجاج کرام کو کورونا ویکسین کے دو ڈوز لینا لازم ہے۔ انہوں نے ہندوستانیوں کو مشورہ دیا ہے کہ ویکسین لینے سے قبل ان کی تفصیلات کا آن لائن اندراج کیا جاتا ہے جس میں آدھار کارڈ بھی شامل ہے لیکن انہوں نے بتایا کہ بیرون ممالک سفر کرنے والے افراد اگر آدھار کارڈ کے علاوہ پاسپورٹ کے نمبر کا بھی اندراج کرواتے ہیں تو انہیں سعودی عرب کے ایر پورٹس پر کافی آسانی ہوگی چونکہ کورونا ویکسین سرٹیفکیٹ پر پاسپورٹ نمبر کا اندراج ہوتا ہے اور سعودی ایمگریشن کلیرنس میں سہولت ہوگی۔ ہندوستانی سفیر برائے سعودی عرب ڈاکٹر اوصاف سعید نے کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے 4 کورونا وائرس ویکسین قابل قبول ہیں جن میں فائزر، ماڈرینا، ایسٹرا زینکا ( کووی شیلڈ ) اور جانسن اینڈ جانسن شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں تیار کی جانے والی کوویکسین ( بھارت بائیوٹیک ) کی منظوری ڈبلیو ایچ او سے نہیں ہوئی ہے جس کے سبب سعودی حکومت بھی اس کی تصدیق نہیں کی۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ سعودی عرب آنے والے ہندوستانی ایسے ٹیکوں کا انتخاب کریں جو سعودی حکومت کی فہرست میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوویکسین کو سعودی حکومت کی فہرست میں شامل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ اوصاف سعید نے یہ بھی کہا کہ حج 2021 کیلئے سعودی عرب کی جانب سے 60 ہزار عازمین حج کی منظوری متوقع ہے اور تقریباً ساڑھے چار تا پانچ ہزار ہندوستانی عازمین حج کو اجازت دی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں عنقریب مزید تفصیلات بتائی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی عازمین حج کیلئے ہندوستانی سفارتخانہ کی جانب سے مکمل تیاریاں کی جاچکی ہیں۔ اس آن لائن میٹنگ میں ہندوستانی کونسل جنرل جدہ مسٹر شاہد عالم اور دیگر عہدیدار شامل تھے۔