ریاض : خلیج کی عرب بادشاہت سعودی عرب نے اپنے ہاں ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات کا مقابلہ کرنے کے لیے ایک جامع قومی منصوبے کی کئی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔ اس منصوبے کے تحت قومی سطح پر زہریلی کاربن گیسوں کے اخراج میں کمی لائی جائے گی اور آئندہ عشروں کے دوران ملک میں دس بلین نئے درخت لگائے جائیں گے۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے بتایا کہ اس طویل المدتی ماحولیاتی پروگرام کے تحت اوپیک کا یہ بڑا رکن ملک 2030ء تک اپنے ہاں توانائی کی مجموعی پیداوار کا نصف حصہ قابل تجدید ذرائع سے حاصل کرے گا۔ ریاض حکومت خطے کی دیگر ریاستوں کے ساتھ مل کر ’مڈل ایسٹ گرین انیشی ایٹیو‘ پر بھی کام کرنا چاہتی ہے۔