ریاض : سعودی عرب چین کی طرف سے نیوکلیئر پاور پلانٹ تعمیر کرنے کی پیشکش پر غور کر رہا ہے۔ امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق چین کی نیشنل نیوکلیئر کارپوریشن نے سعودی عرب کے مشرقی صوبے میں قطر اور متحدہ عرب امارات کی سرحد کے قریب نیوکلیئر پاور پلانٹ تعمیر کرنے کی پیشکش کی ہے۔ چین کی وزارت خارجہ نے رپورٹ کی تصدیق نہیں کی لیکن ترجمان نے کہا کہ چین سعودی عرب کے ساتھ متعدد شعبوں میں مشترکہ تعاون جاری رکھے گا جن میں سول نیوکلیئر انرجی بھی شامل ہے۔ واضح رہے کہ سعودی عرب نے امریکہ سے سول نیوکلیئر پروگرام میں تعاون کیلئے کہا تھا لیکن امریکی حکام نے شرط رکھی تھی کہ اگر یورینیئم کی افزودگی نہ کرنے اور ری ایکٹر میں پلوٹونیم کو دوبارہ زیر عمل نہ لانے پر معاہدہ ہوگیا تو ہم نیوکلیئر پاور ٹیکنالوجی دے دیں گے۔ سعودی حکام کا کہنا ہے کہ اگر امریکہ سے معاملات نہ بن سکے تو ولی عہد محمد بن سلمان چین کی سرکاری کمپنی کے ساتھ نیوکلیئر پاور پلانٹ پر کام کیلئے تیار ہیں۔
کیلیفورنیا فائرنگ کا واقعہ
ملزم بیوی کو قتل کرنا چاہتا تھا
لاس اینجلس : پولیس نے بتایا کہ امریکی ریاست کیلیفورنیا کے ایک بار میں ایک شوٹر اپنی طلاق یافتہ بیوی کو مارنے کی کوشش کر رہا تھا مگر گولیاں وہاں پر موجود تین گاہکوں لگیں جس کے نتیجے میں تین افراد ہلاک اور چھ زخمی ہوگئے جبکہ اس کی بیوی بچ گئی۔اورنج کاؤنٹی کے شیرف ڈان بارنس نے جمعرات کو ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ 59 سالہ جان سنولنگ ایک سابق پولیس اہلکار تھے اور اپنی اہلیہ Maryکو طلاق دینے کے چکر میں تھے۔