ریاض۔9اپریل(سیاست ڈاٹ کام)سعودی عرب کی قیادت میں یمن میں جنگ لڑنے والے فوجی اتحاد نے اقوامِ متحدہ کے مطالبے پر دو ہفتے کے لیے جنگ بندی کا اعلان کیا ہے۔قطر کے نشریاتی ادارے ‘الجزیرہ’ کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے فوجی اتحاد نے یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف جنگ بندی کا اعلان یک طرفہ طور پر کیا ہے۔جنگ بندی کی مدت کا آغاز جمعرات سے ہو رہا ہے جب کہ اس کی مدت دو ہفتے مقرر کی گئی ہے۔’عرب نیوز’ نے سرکاری خبر رساں ادارے سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ جنگ بندی کے بارے میں فوجی اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے کہا ہے کہ یمن کی حکومت نے اقوام متحدہ کی کرونا وائرس کی وجہ سے جنگ بندی کی درخواست قبول کی ہے جس کی حمایت فوجی اتحاد بھی کر رہا ہے۔اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے یمن کے حوالے سے خصوصی نمائندے مارٹن گرفتس نے جنگ بندی کے اعلان کو خوش آئند قرار دیا ہے۔سعودی فوجی اتحاد کے ترجمان نے مزید کہا ہے کہ فوجی اتحاد اس موقع کو یمن میں ایک وسیع اور دیرپا جنگ بندی کے طور پر دیکھ رہا ہے۔سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے کہا ہے کہ دو ہفتے کی جنگ بندی سے تناؤ کم ہو نے کا امکان ہے۔