سعودی عرب :کورونا وائرس کے 96 کیس ، جدہ میں لاک ڈاؤن

,

   

Ferty9 Clinic

مہلوکین کی تعداد 8ہوگئی ، ریاض اور جازان کے فضائی حدود میں حوثیوں کے بالسٹک میزائل مارگرائے گئے

ریاض ۔ /29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب میں کورونا وائرس کا قہر جاری ہے ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دور ان 96 نئے کیس سامنے آئے ہیں ۔ مہلوکین کی تعداد 8 ہوگئی ۔ سب سے زیادہ ریاض میں 27 کیس درج کئے گئے ۔ جدہ میں مزید 12 ، دمام میں 23 ، مکہ مکرمہ میں 7 اور مدینہ منورہ میں 14 کیسوں کی توثیق ہوئی ۔ سعودی عرب میں کورونا وائرس سے اب تک 1299 افراد متاثر ہوئے ہیں ۔ وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبدال علی نے بتایا کہ اس وقت 12 افراد کی حالت تشویشناک ہے جنہیں آئی سی یو میں رکھا گیا ہے ۔ 66 افراد کو کورونا کا علاج کرانے کے بعد ڈسچارج کردیا گیا ۔ اتوار کو ظاہر ہونے والے 96 نئے کیسوں میں 28 کا تعلق مسافرین سے ہے ۔ ان کی آمد کے بعد قرنطینہ میں رکھا گیا تھا ۔ جب کہ 68 متاثرین ایسے افراد ہیں جن کا پہلے متاثرہ افراد سے برائے راست رابطہ تھا ۔ اسی دوران جدہ میں بھی لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا ہے ۔جدہ میں کورونا وائرس کے نئے واقعات سامنے آنے کے بعد یہاں پر بھی لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا ۔ سعودی فضائیہ نے بتایا کہ یمن سے حوثی باغیوں نے دارالحکومت ریاض اور جنوبی شہر جازان کی جانب دو بالسٹک میزائل داغے گئے جنہیں فضائی حدود میں ہی مارگرایا گیا ۔ سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے بتایا کہ حوثی باغیوں نے ہفتہ کی شب 11.23 بجے ریاض اور جازان کی شہری آبادیوں کی جانب میزائل داغے تھے ۔ انہیں ناکارہ بنایا گیا ۔