سعودی عرب کو اقوام متحدہ حقوق انسانی کونسل کی رکنیت نہیں دی گئی

   

Ferty9 Clinic

ہیومن رائٹس واچ کی شدید مخالفت، پاکستان ،چین اور روس کونسل کیلئے منتخب
جنیوا :اقوام متحدہ کے حقوق انسانی کونسل کی رکنیت کیلئے منگل کو ہوئے انتخابات میں انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے مخالفت کے باوجود چین، روس اور کیوبا منتخب ہو گئے لیکن اپنی تمام تر کوششوں کے باوجود سعودی عرب اس باوقار ادارے کی رکنیت حاصل کرنے کی دوڑ میں نا کام رہا۔دوسری طرف اقوام متحدہ کی انسانی حقوق سے متعلق کونسل میں پاکستان کو ایک مرتبہ پھر منتخب کر لیا گیا ہے۔ اسلام آباد حکومت روایتی حریف ملک ہندوستان کے خلاف اسے ایک بڑی سفارتی کامیابی کے طور پر دیکھ رہی ہے۔۔ منگل 13 اکتوبر کو اقوام متحدہ کی 193 رکنی جنرل اسمبلی میں جنیوا میں قائم ہیومن رائٹس کونسل کی چار نشستوں کے لیے رائے دہی ہوئی۔ پاکستان کو 169 ووٹ ملے اور یوں یہ ملک آئندہ تین برس کیلئے اس کونسل کا رکن منتخب ہو گیا ہے۔ پاکستان اس کونسل کے رکن کے طور پر پانچویں مرتبہ منتخب ہوا ہے۔روس اور کیوبا اپنے گروپ میں بلا مقابلہ منتخب ہو گئے لیکن ایشیا بحرالکاہل گروپ کے چار نشستوں کیلئے ہونے والی ووٹنگ میں چین نے سعودی عرب کو مات دے دی۔امیدواروں کا انتخاب خفیہ ووٹنگ کے ذریعہ جغرافیائی گروپوں کی بنیاد پر کیا گیا تاکہ تمام خطوں کی نمائندگی یقینی بنائی جا سکے۔ سعودی عرب ایشیا بحرالکاہل گروپ میں تھا، جس میں چار سیٹوں کیلئے اس کیساتھ پانچ امیدوار میدان میں تھے۔ 193 رکنی ادارے کے انتخابی نتائج کے مطابق پاکستان کو 169ووٹ، ازبکستان کو 164ووٹ، نیپال کو 150ووٹ، چین کو 139ووٹ اور سعودی عرب کو صرف 90 ووٹ حاصل ہوئے۔نئے اراکین کی مدت کار یکم جنوری 2021 سے شروع ہو گی۔ تنظیم ہیومن رائٹس واچ اورحقوق انسانی کی دیگربین الاقوامی تنظیموں نے سعودی عرب کی امیدواری کی شدید مخالفت کی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ سعودی عرب حقوق انسانی کے علمبرداروں، حکومت کے ناقدین اور حقوق انسانی کیلئے سرگرم خواتین کو مسلسل نشانہ بنا رہا ہے

اور اس نے صحافی اور سعودی ناقد جمال خشوگی کے قتل سمیت ماضی میں حقوق انسانی کی اپنی خلاف ورزیوں پر کوئی خاطر خواہ اقدام نہیں کیا ہے۔ہیومن رائٹس واچ کے اقوام متحدہ میں ڈائریکٹر لوئس شاہ بینو کا کہنا تھا،’’انسانی حقوق کونسل کی رکنیت حاصل کرنے میں سعودی عرب کی ناکامی اس امر کی یاد دہانی ہے کہ اقوام متحدہ میں انتخابات کیلئے مزید مسابقت کی ضرورت ہے۔ اگر انتخاب کی دوڑ میں مزید امیدوار ہوتے تو چین، کیوبا اور روس کو شکست کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا تھا۔” انہوں نے مزید کہا، ’’تاہم ان غیر مستحق ملکوں کی موجودگی کے باوجود کونسل حقوق انسانی کی خلاف ورزیوں اور متاثرین کے حق میں آواز بلند کرتا رہے گا۔