سعودی عرب کو ہتھیار کی فراہمی، پنٹگان نے تصدیق کردی

   

واشنگٹن ۔ امریکی محکمہ دفاع پنٹگان نے سعودی عرب کو 65 کروڑ ڈالر کے ہتھیار فروخت کرنے کے سودے کی تصدیق کردی۔ اس سودے کے تحت امریکہ سعودی عرب کو فضا سے فضا میں مار کرنے والے 280 جدید میزائل فراہم کرے گا۔ امریکی حکام نے اس سودے کو اس لیے منظور کیا ہے، تاکہ موجودہ اور مستقبل کے خطرات سے نمٹنے میں ریاض کی مدد کی جا سکے۔ ادھر ناقدین نے سعودی عرب کے ساتھ میزائیلوں کے سودے پر اعتراض کیا ہے، تاہم امریکی وزارت خارجہ نے اپنی ٹوئٹ میں دفاع کرتے ہوئے کیا کہ یہ ہتھیار زمینی حملے کے لیے نہیں ہیں، صرف فضائی دفاع کے لیے ہیں۔ گزشتہ برس کے دوران سعودی عرب کے خلاف سرحد پار سے حملوں میں اضافہ ہوا ہے، جس کی وجہ سے سودے کی منظوری دی گئی ہے۔پنٹگان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سعودی عرب کو فضا سے فضا میں مار کرنے والے میزائل دینے سے دوست ملک کی سلامتی میں بہتری آئے گی۔ واضح رہے کہ صدر بائیڈن کے اقتدار میں آنے کے بعد سعودی عرب کو ہتھیار فروخت کرنے کا یہ پہلا معاملہ ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ سمجھوتہ دوست ملک سے تعلق اور اس کی سیکورٹی کو بہتر بنانے میں مدد فراہم کرے گا، جو مشرق وسطیٰ میں سیاسی اور اقتصادی پیش رفت کے لیے ایک اہم قوت ہے۔ حکومت نے یمن میں جنگ بندی کے خاتمہ کے لیے سفارت کاری کی قیادت کرنے کا جو عہد کیا ہے، یہ سودا اس سے پوری طرح مطابقت رکھتاہے۔