ریاض: سعودی عرب نے انفارمیشن اور کمیونی کیشن کے شعبے میں ترقی کے اعتبار سے گروپ 20 (جی 20) ممالک کے بیچ دوسری پوزیشن حاصل کر لی ہے۔اقوام متحدہ کی انٹرنیشنل ٹیلی کمیونی کیشن یونین (آئی ٹی یو) کی جانب سے جاری ICT ڈیولپمنٹ انڈیکس 2024 کے مطابق یہ مسلسل دوسرا سال ہے جب مملکت نے جی ٹوئنٹی ممالک کے بیچ دوسری پوزیشن لی ہے۔مذکورہ انڈیکس میں دنیا کے 170 ممالک میں انفارمیشن اور ٹکنالوجی کے شعبوں میں ترقی اور پیش رفت کو ذیلی اشاریوں کے ذریعے جانچا جاتا ہے۔ یہ ذیلی اشارے دو محوروں میں تقسیم ہیں۔ ان میں پہلا effective communication اور دوسرا inclusive communication ہے۔سعودی عرب جی ٹوئنٹی ممالک کے بیچ effective communication میں پہلے نمبر پر جبکہ inclusive communication میں دوسرے نمبر پر ہے۔ اس سے مملکت میں کمیونی کیشن اور ٹکنالوجی سیکٹروں میں جاری کوششوں اور ترقی کے سفر کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔سعودی عرب میں کمیونی کیشن، اسپیس اینڈ ٹکنالوجی کمیشن (CST) کا کہنا ہے کہ اس اشاریے میں سعودی عرب کا آگے بڑھنا مملکت میں ڈیجیٹل انفرا اسٹرکچر کی مضبوطی ، ڈیجیٹل اکانومی کی ترقی میں اس کے کردار اور سرمایہ کاری آنے کی تصدیق کرتا ہے۔ سعودی عرب میں کمیونکیشن اور ٹکنالوجی کی مارکیٹ مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں سب سے بڑی اور تیز ترقی کرنے والی مارکیٹ ہے۔ اس کے حجم کا اندازہ 166 ارب ریال کے قریب ہے۔ مملکت میں موبائل سروس سبسکرپیشن کا تناسب آبادی کا 198% ہو چکا ہے۔ اسی طرح مملکت میں ڈیٹا استعمال کرنے کی ماہانہ فی کس اوسط عالمی واسط سے تین گنا زیادہ ہے۔
