سعودی عرب کی اسرائیلی صدر کے مسجد ابراہیمی کے دورہ کی مذمت

,

   

ریاض : سعودی عرب نے اسرائیل کے صدر آئیزک ہرزوگ کے مغربی کنارے میں واقع مسجد ابراہیمی کے دورے کی مذمت کرتے ہوئے ان کے اس اقدام کو مقدس مقام کی بیحرمتی قرار دیا ہے۔ سعودی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی ذمہ داری نبھاتے ہوئے اسرائیلی حکوت اور عہدیداروں کو اسلامی مقدس مقامات کی جانب جاری کارروائیوں سے منع کرے۔اسرائیل کے صدر آئیزک ہرزوگ نے یہودیوں کے مذہبی تہوار ہنوکا منانے کی غرض سے اتوار کو ابراہیمی مسجد کا دورہ کیا تھا جس کے بعد اسرائیلی سکیورٹی اہلکاروں اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں بھی شروع ہو گئی تھیں۔صدر آئیزک ہرزوگ کا کہنا تھا کہ قدیم شہر سے یہودیوں کی تاریخی وابستگی کو منانے اور بین المذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے انہوں نے غار بزرگاں کا دورہ کیا تھا جسے مسلمان مسجد ابراہیمی کے نام سے بھی جانتے ہیں۔اسرائیلی صدر کی جانب سے ایک ایسے شہر کا دورہ کرنے کے اقدام پر فلسطینی اور بائیں بازوں کی اسرائیلی جماعتیں شدید تنقید کر رہی ہیں، جو انتہائی قوم پرست یہودی کمیونٹی کے حوالے سے جانا جاتا ہے اور جہاں فلسطینی مشکل حالات میں رہتے ہیں۔