ریاض: سعودی روڈز جنرل اتھارٹی (آر جی اے) کے ایک سروے کے مطابق سعودی عرب کا روڈ کوالٹی انڈیکس بڑھ کر5.7 ہوگیا۔ سعودی عرب کو جی 20 ممالک میں چوتھے نمبر پر رکھا گیا ہے۔سروے میں بتایا گیا کہ سعودی عرب کی 77 فیصد سے زیادہ سڑکیں حفاظتی معیار پر پوری اترتی ہیں جو گزشتہ سال کے 66 فیصد ہدف سے زیادہ ہیں۔عکاظ اخبار کے مطابق کارکردگی کے یہ نتائج مملکت کی جانب سے روڈز سیکٹر اسٹریٹجی کے آغاز کے 500 دن بعد سامنے آئے جو سیفٹی، معیار اور ٹریفک کثافت پر مرکوز ہے۔روڈز جنرل اتھارٹی نے اس حوالے سے دنیا کا سب سے بڑا سروے کیا ہے۔ اتھارٹی نے سڑکوں کے معیار اور ٹریفک سیفٹی کی سطح کو منظم کرنے اور بڑھانے کے حوالے سے بہت سی کامیابیاں حاصل کی ہیں اور اقدامات پر عملدرآمد کیا ہے۔ٹریفک حادثات سے متعلق ڈیٹا جمع کرنے، تجزیہ کرنے اور حادثات کی شرح کم کرنے کیلیے موثر منصوبے اور پرگرام تیار کرنے کیلئے ایک روڈ سیفٹی ڈیٹا سینٹر قائم کیا۔اس کے علاوہ ٹریفک سیفٹی کے شعبے میں بین الاقوامی تعاون کو بڑھانے کیلئے بین الاقوامی روڈ اسسمنٹ پروگرام (آئی آر اے پی) کے لئے ایک علاقائی دفتر کھولا ہے۔