سعودی عرب کی فٹبال ٹیم قطر پہنچ گئی

   

دوحہ ۔26 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) سعودی عرب کی فٹبال ٹیم قطر کے دارالحکومت دوحہ پہنچ گئی ہے۔ سعودی ٹیم پروگرام کے مطابق خلیجی 24 گلف کپ ٹورنمنٹ میں شرکت کرے گی۔ ٹورنامنٹ 8 دسمبر تک جاری رہے گا۔تفصیلات کے مطابق ٹیموں کے ڈراز کے مطابق سعودی ٹیم گروپ ٹو میں ہے۔ جہاں اس کے ساتھ عمان، کویت اور بحرین کی ٹیمیں ہوں گی۔ سعودی فٹبال ٹیم کا پہلا گروپ ریاض سے چارٹر طیاروں کے ذریعے دوحہ پہنچا ہے۔ الہلال ٹیم کے جو کھلاڑی سعودی فٹبال ٹیم کا حصہ ہیں وہ دوسرے دن دوحہ پہنچیں گے۔ سعودی ٹیم کے فرانسیسی ٹیکنیکل ڈائریکٹر اور مینجر ایروی رینالڈ نے گول کیپر محمد الیامی کو طلب کر لیا ہے جو محمد العویس کی جگہ کھیلیں گے۔ انہیں زخمی ہونے کے باعث ٹیم کے کیمپ سے الگ کر دیا گیا۔ العویس کے چہرے پر چوٹ لگی ہے۔ وہ امیر محمد بن سلمان کپ کے مقابلے میں الاھلی کے خلاف کھیلتے ہوئے زخمی ہوئے تھے۔ گول کیپرکو علاج اور فٹنس کے لیے وقت درکار ہوگا۔ اسی وجہ سے وہ ٹیم کے کیمپ میں شرکت نہیں کر سکے۔ علاوہ ازیں سعودی ٹیم خلیجی 24 کا اعزاز جیتنے کے لیے پر عزم ہے۔