ریاض۔سعودی عرب نے لبنان کے دارالحکومت بیروت میں ہوئے دھماکوں اور ان میںہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ سعودی عرب نے دھماکوں پر لبنانی قوم کے ساتھ مکمل یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھماکوں کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔سعودی عرب کی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان میںکہا ہیکہ بیروت دھماکوں پر مملکت کو بہت صدمہ پہنچا ہے۔ سعودی عرب مشکل کی اس گھڑی میں لبنانی عوام کے ساتھ اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہے۔خیال رہے کہ بیروت میں بندرگاہ کے علاقے میں دھماکے ہوئے جس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں عمارتیں اور گاڑیاں تباہ ہو گئیں۔ اطلاعات کے مطابق دھماکے اتنے شدید تھے کہ ان کی آواز پڑوسی ملک قبرص میں بھی سنی گئی۔