ریاض : سعودی وزیر اسلامی اُمور و دعوت ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ نے کورونا وباء سے نمٹنے کیلئے جاری سرکاری مشن میں تعاون کرتے ہوئے مساجد میں تمام دعوتی سرگرمیاں معطل کردی ہیں۔ آئندہ سارے دعوتی پروگرام آن لائن چلانے کا حکم دیا ہے۔ نمازوں کے اوقات اور مساجد کھولنے اور بند کرنے کے حوالے سے بھی متعدد پابندیاں لگا دی ہیں۔ اذان اور تکبیر کے درمیان کا وقفہ 10 منٹ سے زائد کا نہ ہوگا، البتہ فجر میں اذان اور نماز کا وقفہ 20 منٹ تک رہے گا۔ مساجد اذان پر ہی کھلیں گی اور نماز کے 10 منٹ بعد بند کردی جائیں گی۔ جمعہ کی نماز کیلئے جامع مساجد اذان سے 30 منٹ پہلے کھولی جائیں گی اور نماز کے 15 منٹ بعد بند کردی جائیں گی۔ جمعہ کے خطبات نماز سمیت 15 منٹ سے زیادہ نہیں ہوں گی۔ تمام خطیب حضرات کو اس کی ہدایت دے دی گئی ہے۔ ڈاکٹر عبداللطیف نے مزید کہا کہ تمام مساجد کے منتظمین کو کورونا وباء سے متعلق سابق ہدایات کی پابندی کرنی ہوگی۔ مثلاً ہر نمازی اپنے ساتھ جائے نماز لائے، ماسک پہنے، دیڑھ میٹر کا فاصلہ برقرار رکھے۔ مساجد ، وضو خانوں اور طہارت خانوں کی سینیٹائزنگ کا کام ہنگامی طور پر انجام دینے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔