کوالالمپور۔15 مئی(سیاست ڈاٹ کام ) سعودی عرب نے نئے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے برادر ملک ملائیشیا کی مدد کے لیے 75 لاکھ سیزیادہ میڈیکل یونٹس کا تحفہ پیش کردیا۔ ویب سائٹ کے مطابق ملائیشیا کے وزیر خارجہ نے ملائیشیا کے خبررساں ادارے کو بتایا کہ کوالالمپور میں متعین سعودی سفیر محمود القطان نے اس تحفے کی اطلاع شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدما ت کے حوالے سے دی ہے۔سعودی عرب نے لاکھوں سرجیکل فیس ماسک، این95 حفاظتی ماسک اور کورونا کے علاج کے ماہرین کے لیے خاص لباس ملائیشیا کو بھیجے ہیں۔ مصنوعی تنفس کی 150 مشینیں، انتہائی نگہداشت میں کام آنے والے 80 ایئر آلات اور 180 غیر جراحتی ایر آلات بھی بھیجے گئے ہیں۔ ملائیشیا کے وزیرخارجہ نے کہا کہ ہمیں دس لاکھ این 95 ماسک مل چکے ہیں یہ وزارت صحت کے حوالے کردیے گئے ہیں جبکہ دیگر مشینیں، آلات اور ماسک راستے میں ہیں۔ملائیشیا کے وزیرخارجہ نے کورونا بحران سے نمٹنے کے لییگرانقدر تعاون پر سعودی رہنما شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا شکریہ ادا کیا اور اس تحفے کو دونوں برادر ملکوں کے تعلقات کے روشن ثبوت سے تعبیر کیا۔