ریاض ۔ 4 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کے نان آئیل معیشت میں 2014 ء کے بعد سے ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ نان آئیل معیشت پر انحصار کی سمت سعودی عرب تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے اور اس نشانہ کے حصول کے لئے مختلف اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ سعودی عرب کے اعداد و شمار کے محکمہ کی جانب سے جاری کردہ ڈیٹا کے مطابق نان آئیل معیشت میں گزشتہ سال 3.3 فیصد ا ضافہ ہوا ہے جو 2014 ء سے ریکارڈ رفتار کے ساتھ اضافہ کی شرح ہے ۔ نان آئیل معاشی ترقی میں ملک کے ریٹیل شعبہ کے علاوہ ہوٹل اور مالی شعبہ جات کا بھی اہم رول ہے۔ ان شعبہ جات میں سرمایہ کاری کو راغب کیا جارہا ہے ۔ خلیجی ریاستوں کے تیل شعبہ میں مسلسل گراوٹ کی اطلاعات ہیں۔ تازہ ڈیٹا کے مطابق 2019 ء میں اس میں 3.6 فیصد کی کمی آئی ہے۔ اس طرح مجموعی گھریلو پیدا وار2.4 فیصد سے گھٹ کر 0.3 فیصد ہوگئی ہے۔ تیل کی قیمتوں میںکمی کے باوجود 2019 ء میں سعودی عرب کے جی ڈی پی میں گزشتہ سال کے مقابل 0.8 فیصد اضافہ ہوا ۔ عرب نیوز کے مطابق ہول سیل اور ریٹیل تجارت کے علاوہ ریسٹورنٹ اور ہوٹلس جی ڈی پی میں بڑے حصہ دار ہیں جن کا حصہ تقریباً 10 فیصد ہے۔حالیہ عرصہ میں معیشت کو فروغ دینے کیلئے محمد بن سلمان نے ویژن 2030 ء کا آغاز کیا۔ اس میں انٹرٹینمنٹ ، سیاحت اور اسپورٹس وغیرہ شامل ہیں۔
