ریاض ۔ 12 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب نے یورپی یونین اور 12 دیگر ممالک سے آنے والے مسافروں کی ملک میں داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ یہ فیصلہ ملک میں کورونا وائرس کے 24 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد سامنے آیا ہے جہاں اب متاثرہ کْل افراد کی تعداد 45 ہو گئی ہے۔ سعودی عرب پہلے ہی ہمسایہ عرب ریاستوں سمیت 19 ممالک پر اس طرح کی پابندی عائد کر چکا ہے۔ جن ممالک پر پابندی عائد کی گئی ہے وہاں موجود سعودی شہریوں کو 72 گھنٹوں کا وقت دیا گیا ہے کہ وہ واپس سعودی عرب لوٹ آئیں۔ یورپی یونین کے علاوہ جن دیگر ممالک پر پابندی عائد کی گئی ہے ان میں پاکستان، بھارت، سری لنکا اور سوئٹرزلینڈ بھی شامل ہیں۔
