ریاض : سعودی عرب سے متاثرین سیلاب کے لیے امدادی سامان کی فراہمی کا سلسلہ بلا تعطل جاری ہے۔ گذشتہ روز مملکت سے امدادی سامان سے لدے دو مزیدے طیارے پاکستان پہنچے۔ سعودی عرب سے متاثرین سیلاب کے لیے امدادی سامان لانے والی یہ چھٹی اور ساتویں پروازیں ہیں۔ یہ طیارے 60 ٹن امدادی سامان لے کرپاکستان پہنچے۔ امدادی سامان میں خیمے، کمبل، رہائشی بیگ، کھانے کا سامان اور کھجوریں شامل ہیں۔ اس امدادی سامان سے 8,424 افراد مستفید ہوں گے۔یہ امدادی سامان سعودی عرب کے ریلیف پل کے حصے کے تحت ہے جسے شاہ سلمان سنٹر فار ریلیف اینڈ ہیومینٹیرین کے زیر انتظام اسلامی جمہوریہ پاکستان میں سیلاب اور بارشوں سے متاثرہ افراد کی امداد کے لیے شروع کیا گیا ہے۔سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے ہرممکن امداد کی فراہمی کے اعلان کے ساتھ عوام سے بھی متاثرین کی امداد فراہم کرنے کی اپیل کی تھی۔