اسٹریٹیجک پارٹنر شپ اور دیگر محاذوں پر تعاون کو مضبوط کرنے کے طریقوں پر بات چیت
واشنگٹن : امریکی وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ امریکہ ، سعودی عرب کو ایک اہم شراکت دار کے طور پر دیکھتا ہے اور اس کے دفاع کے لیے پرعزم ہے۔ امریکی وزیر خارجہ نے جمعرات کو بات چیت کے لیے واشنگٹن پہنچنے پر سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کو خوش آمدید کہا۔انہوں نے کہا کہ امریکہ اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط شراکت داری ہے اور ہم مملکت کے دفاع کے لیے پرعزم ہیں۔انٹونی بلنکن نے اپنے سعودی ہم منصب کے ہمراہ نیوز کانفرنس میں کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ یہ شراکت داری اہم ہے، اور چند اہم چیلنجز جن کا ہمیں سامنا ہے، ان سے نمٹنے کے حوالے سے بھی نہایت اہم ہے۔ ہم اس (شراکت داری) کی بہت تعریف کرتے ہیں۔شہزادہ فیصل بن فرحان نے بھی دونوں اتحادیوں کے درمیان مضبوط شراکت داری کی تعریف کی۔انہوں نے کہا کہ ہمارے تعلقات نے ہمارے دونوں ممالک کو بہت اہمیت دی ہے، لیکن نہ صرف ہمیں بلکہ خطے اور دنیا کو بھی۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس کے مطابق ان کی ملاقات کے بعد انٹونی بلنکن نے مملکت پر حوثیوں کے حملوں کی امریکی مذمت اور سعودی عرب کی اپنی سرزمین اور عوام کے دفاع میں امریکی مدد کے عزم کا اعادہ کیا۔سعودی وزارت خارجہ نے کہا کہ سفارت کاروں نے حوثی ملیشیا کی جانب سے شہری اور معاشی سہولیات کے خلاف کیے جانے والے مسلسل حملوں کو روکنے، بین الاقوامی جہاز رانی کو لاحق خطرے کو ختم کرنے اور یمنی عوام کی تکالیف کو بلیک میل اور سودے بازی کے طور پر استعمال کرنے سے روکنے کیلئے مشترکہ کوششوں کو فروغ دینے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ پرائس نے کہا کہ بات چیت میں یمن میں تنازعہ کے خاتمے کے پائیدار حل تک پہنچنے کا مشترکہ ہدف بھی شامل ہے۔شہزادہ فرحان نے ملاقات کو نتیجہ خیز قرار دیا اور کہا کہ ہماری اسٹریٹجک پارٹنر شپ اور کئی محاذوں پر تعاون کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر بات چیت ہوئی۔