سعودی عرب کے دمام میں خوفناک سڑک حادثہ

   

دو حیدرآبادی حافظ قرآن طلباء جاں بحق، ایک شدید زخمی
حیدرآباد: 14 جون (سیاست نیوز) سعودی عرب میں پیش آئے ایک خوفناک سڑک حادثہ میں دو حیدرآبادی طلباء جاں بحق ہوگئے اور ایک ہاسپٹل میں زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہا ہے۔ تینوں کا تعلق حیدرآباد کے پرانے شہر سے ہے اور یہ تمام دمام میں انڈین انٹرنیشنل اسکول کے طالب علم تھے۔ گیارہویں جماعت کا حسن ریاض اور نویں جماعت کا ابراہیم اظہر موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ آٹھویں میں پڑھنے والا ابراہیم کا بھائی عمار شدید زخمی ہے۔ حسن ریاض اور ابراہیم دونوں حافظ قرآن تھے۔ جس کار کو وہ چلا رہے تھے وہ منگل کو دمام میں سڑک کے کنارے درخت سے ٹکرا کر تباہ ہو گئی۔ ابراہیم اور عمار حسینی عالم کے ساکن محمد اظہر کے بیٹے ہیں جبکہ حسن ریاض موتی گلی کے ساکن محمد یوسف ریاض کا بیٹا ہے۔ اگرچہ سوشل میڈیا پر یہ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ تینوں کی موت ہوگئی ہے لیکن ایک شدید طور پر زخمی ہے اور منگل کی آدھی رات تک اس خبر کی رپورٹ درج کرنے تک زیر علاج ہے۔یہ تینوں پڑوسی تھے اور دمام میں ایک ہی علاقے میں رہتے تھے۔ ابراہیم جمعرات کو حیدرآباد کا سفر کرنے والے تھے جبکہ خاندان کے دیگر ارکان عید کی چھٹیوں میں آنے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔